حسین نواز کی رجسٹرار سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 مئی 2017 15:46

حسین نواز کی رجسٹرار سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی تفصیلات منظر عام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مئی 2017ء) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے پانامہ لیکس پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کے دو ممبران پر اعتراضات اُٹھاتے ہوئے رجسٹرار آفس سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی۔رجسٹرار سپریم کورٹ کو جمع کرائے گئے اعتراضات 5 صفحات پرمشتمل ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ بلال رسول کی اہلیہ بھی پی ٹی آئی کی متحرک کارکن ہیں۔

سرکاری ملازم ہونےکےباوجود بلال رسول موجودہ حکومت کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں۔ بلال رسول پی ٹی آئی رہنما میاں اظہر کے بھتیجے ہیں جو پی ٹی آئی کے بانی رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ اپنی درخواست کے ساتھ حسین نواز نے بلال رسول کی اہلیہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے درخواست میں کہا کہ بلال رسول کی اہلیہ سوشل میڈیا پرپی ٹی آئی کے حق میں پوسٹس کرتی رہی ہیں۔

جےآئی ٹی میں نامزدگی کے بعد بلال رسول کی بیوی نےسوشل میڈیا سے پوسٹیں ہٹادیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کےعامر عزیزمشرف دورمیں حدیبیہ پیپر ملز کیس کی تحقیقاتی ٹیم میں شامل تھے۔عامر عزیز نے تحقیقات کے دوران وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کو دھمکایا تھا۔عامر عزیز نے پانامہ کیس میں طارق شفیع کو بیان حلفی واپس لینے کے لیے بھی کہا۔ ممبران کی دھمکیاں جے آئی ٹی کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان ہیں۔ طارق شفیع نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو باضابطہ شکایت بھی کر دی ہے۔ انہوں نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ عدالت عظمیٰ انصاف،برابری کو مدنظر رکھتے ہوئے صاف شفاف تحقیقات کی ہدایت دے۔