قوم کل (اتوار) کو یوم تکبیر جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی

ہفتہ 27 مئی 2017 14:35

قوم کل (اتوار) کو یوم تکبیر جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی
اسلام آباد ۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2017ء) قوم کل (اتوار) کو یوم تکبیر جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی۔ یہ دن 28مئی 1998ء کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں کامیاب جوہری تجربات ، جن کے نتیجہ میں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا گیا ، کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ان جوہری دھماکوں کے بعد پاکستان عالم اسلام کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی طاقت والا ملک بن گیا۔

اس وقت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے شدید بین الاقوامی دبائو اور پرکشش ترغیبات کے باوجود ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ان جوہری تجربات کا فیصلہ کیا تھا ۔ 1998ء کے بعد ہر سال یہ دن ان مشکلات اور جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاکستان نے تمام مشکلات اور بین الاقوامی دبائو کے باوجود جوہری استعداد حاصل کی ۔

(جاری ہے)

ان جوہری تجربات کے بعد پاکستان کو بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم قومی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستانی قوم نے ان تمام مشکلات اور پابندیوں کا استقامت اور پامردی سے مقابلہ کیا ۔ اس دن کو منانے کیلئے آج (اتوار) کو مساجد میں پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور ملک میں قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ یوم تکبیر کے موقع پر خصوصی سیمینارز ، مذاکروں ، اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں ممتاز شخصیات ، دفاعی تجزیہ نگار اور معروف سائنسدان ان جوہری سائنسدانوں ، تکنیک کاروں ، ہنرمندوں اور جوہری اداروں سے وابستہ ماہرین کو خراج تحسین پیش کرینگے جنہوں نے اقوام عالم میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنیوالے مشن میں اپنا کردار ادا کیا ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) ہر سال یہ دن منانے کیلئے خصوصی اقدامات کرتی ہے اس سال بھی یہ دن منانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کے کارکنوں نے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن کے زیر اہتمام مختلف مقامات پر کیک کاٹے جائیں گے ۔ یوم تکبیر کے موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن ، ریڈیو پاکستان پرائیویٹ ٹی وی چیلنز اور ریڈیوز پر خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی جبکہ پرنٹ میڈیا میں اس حوالے سے خصوصی مضامین شائع ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :