پاکستانی کمیونٹی کے تمام مسائل کو حل کیا جائے،زہرا اکبری

تارکین وطن کے مسائل کا حل پاکستان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رانا بشارت

ہفتہ 27 مئی 2017 13:29

پاکستانی کمیونٹی کے تمام مسائل کو حل کیا جائے،زہرا اکبری
لزبن۔ 27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2017ء) پرتگال میں تعینات پاکستانی سفیرمیڈم زہرا اکبری نے کہاہے کہ پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تمام تر مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایاجائے گا ،پرتگال میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی تارکین وطن سے مکمل تعاون کر رہا ہے اور اس ضمن میں کونسلر سیکشن مکمل فعال ہے ،پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دہری شہریت کے حوالے سے درپیش مسائل کی بابت حکومت پاکستان کو خط ارسال کیا جا چکا ہے جس پر پاکستانی حکومت نے فیصلہ کرنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفیر زہرا اکبری نے گذشتہ روز مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئیر نائب صدر رانا بشارت علی خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔وفد میں ضیاء سید ، فرزانہ کاظمی نائب صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ لاھور موسیٰ کاظم شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے متعلق بات چیت ھوئی اور کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال ھوا جس میں دوہری شہریت، پرتگالی پاسپورٹ ھولڈرز کو ویزا کے حصول میں دقت، پاکستانی سفارتخانے کے کونسلر سیکشن کے اوقات کار میں کمی ، تارکین وطن کے لیے اعزازی ڈیسک کا قیام ، بیرون ملک کسی پاکستانی تارک وطن کی موت کے موقع پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے اجراء اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔

پرتگال میں تعینات پاکستانی سفیر زہرا اکبری نے اس موقع پر سیکنڈ سیکرٹری فیاض خان کو خصوصی ہدایت کی کہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایاجائے اور سیکنڈ سیکرٹری کمیونٹی سے ازخود مکمل رابطے میں رھیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئیر نائب صدر رانا بشارت علی خان نے کہا کہ دورہ پرتگال سے واپسی پروہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کی تمام رپورٹ مشیر برائے امورِخارجہ سرتاج عزیز کوپیش کریں گے ۔

رانا بشارت علی خان نے کہاکہ تارکین وطن کے مسائل کا حل پاکستان حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔قبل ازیں لزبن ائیرپورٹ پر آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئیر نائب صدر رانا بشارت علی خان کا پاکستان مسلم لیگ ن پرتگال اور پاک پرتگال ایسوسی ایشن کی جانب سے پرجوش استقبال کیا گیا اور مسلم لیگ ن پرتگال کی جانب سے رانا بشارت علی خان کو یومِ تکبیر کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کر لیا ۔

متعلقہ عنوان :