پاکستان‘بھارت اور بنگلہ دیش کے مسلمان کل اتوار سے رمضان المبارک کا آغاز - سعودی عرب سمیت عرب ممالک اور امریکا‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کا آج پہلا روزہ-ماہ مقدس کی تیاریاں مکمل‘بازاروں میں لوگوں کا رش -اردوپوائنٹ کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہ مقدس کی مبارکباد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 مئی 2017 11:08

پاکستان‘بھارت اور بنگلہ دیش کے مسلمان کل اتوار سے رمضان المبارک کا ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27مئی۔2017ء) پاکستان‘بھارت اور بنگلہ دیش کے مسلمان اتوار کے روزسے رمضان المبارک کا آغازکریں گے جبکہ سعودی عرب سمیت عرب ممالک اور امریکا‘کینڈا‘برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کا آج پہلا روزہ ہے-پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت آج مساجد میں تراویح کے روح پرور اجتماعات ہوں گے، حکومت نے عوام کو سہولت پہنچانے کے لیے سستے بازار بھی لگادیئے۔

رمضان المبارک کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں اور مارکیٹس میں جائے نماز، تسبیح اور ٹوپیوں کے بڑی تعداد میں اسٹالز لگ گئے ہیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے گزشتہ روزچاند نظر نہ آنے پر28 مئی اتوار کے روز پہلے روزے کا اعلان کیا تھا جبکہ پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے چاند نظر آنے اور آج ہفتے کے روز سے پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد قاسم خان کے اعلان پر آج صوبہ سرحد اور قبائلی علاقہ جات کے کئی علاقوں میں بھی آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے- دوسری جانب رمضان المبارک کے حوالے سے لاہور پولیس نے سیکورٹی پلان مکمل کرنے کا دعوی کیا ہے۔سیکورٹی پلان کے مطابق مساجد، رمضان بازاروں اور دسترخوانوں کی سیکورٹی کیلئے آٹھ ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔لاہور پولیس نے رمضان المبارک کے موقع پر شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔

سیکیورٹی کی بنا پر مساجد کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، شہر کی 2700 سے زائد مساجد پر 8 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ایس پی سیکیورٹی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں 31 رمضان بازاروں اور 100 سے زائد دسترخوانوں کی سیکیورٹی کیلئے بھی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔مساجد کی سیکورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں سمیت ڈولفن فورس اور پیرو فورس کے اہلکار بھی پیٹرولنگ کے فرائض سر انجام دیں گے، جبکہ مساجد کی سیکورٹی کیلئے رضاکاروں کو بھی پولیس لائن میں ٹریننگ دی گئی ہے۔اردوپوائنٹ انتظامیہ کی جانب سے دنیا بھر کو مسلمانوں کو ماہ مقدس کی مبارکباد پیش کی گئی ہے-