صوبہ خیبر پختونخوا کنگلے خان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، مسلم لیگ کے خلا ف سازشیں کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہے

وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، گذشتہ 13 سالوں کے اندھیروں کو اجالا میں تبدیل کیا جا رہا ہے عمران خان نے ہزارہ کی سرزمین پر علاقائی روایات کے برعکس گھٹیا زبان استعمال کی، ایسی زبان ہزارے وال ہرگز قبول نہیں کریں گے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا دوڑ پار کے دیہات کو سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 23:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کنگلے خان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، سیاسی طور پر اب اس کے پاس کچھ نہیں بچا، مسلم لیگ کے خلا ف سازشیں کرنے والے جو مرضی کریں اب ان کا مستقبل تاریک ہے، عمران خان نے ہزارہ کی سرزمین پر کھڑے ہو کر ہماری علاقائی روایات کے برعکس گھٹیا زبان استعمال کی، اگر اس نے اپنی زبان کو لگام نہ دی تو ہزارہ کے غیور عوام زبان حلق سے نکال کر رکھ دیں گے، اسلام و پاکستان کے دشمن اس ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گا مزن ہو چکا ہے، گذشتہ 13 سالوں کے اندھیروں کو اجالا میں تبدیل کیا جا رہا ہے، پاکستانی معیشت اس وقت تیز ترین ترقی کے ساتھ دنیا بھر میں نمایاں ہے، انشاء الله مارچ 2018ء میں ملک سے لو ڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا، بابر نواز خان عوامی لیڈر ہے جس نے اپنے خاندان کی روایات کے مطابق عوام کی شاندار خدمت کی ہے، ہری پور اور پورا ہزارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، انشاء الله آئندہ صوبہ میں بھی نواز لیگ ہی حکومت بنائے گی اور کر پشن کرنے والی کی چمڑی سے بھی حساب لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو دوڑ پار کے دیہات کو 7.5 ارب کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور مرکزی نائب صدر پیر صابر شاہ، ممبر قومی اسمبلی بابر نواز خان، صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ، رکن صوبائی اسمبلی گوہر نواز خان، سابق صوبائی وزیر قاضی محمد اسد، ایوب آفریدی سمیت متعدد لیگی رہنما اور اہلیان علاقہ کی بڑ ی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے ساتھ ملکر ملک کے خلا ف سازشیں کرنے والے جتنی مرضی کوششیں کر لیں وہ عوام کے دلوں سے محمد نوازشریف کیلئے موجود محبت کو نہیں نکال سکتے، دوسروں کو کرپشن کا طعنہ دینے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ان کے جس وزیر کی جیب میں ہاتھ ڈالا وہاں کرپشن ہی کرپشن ہے، ایسے لوگوں کو دوسروں پر الزام تراشی کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، انشاء الله صوبہ بھر کی طرح ہری پور کے غیور عوام عمران خان اور اس کے حواریوں کی آئندہ الیکشن میں ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ جعلی تبدیلی والے صرف مال پانی بنانے میں مصروف ہیں جبکہ محمد نواز شریف اور ان کے ساتھی اس ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ہی ایک سابق رکن قومی اسمبلی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی سے دھوکہ کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں ٹکٹ نہیں ملے گا، وہ جتنی مرضی سازشیں کریں ہم ان کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے، ہم خود آئندہ الیکشن میں ہری پور آ کر بابر نواز خان کی انتخابی مہم چلائیں گے جنہیں آج محمد نواز شریف نے 300 اراکین اسمبلی کی موجودگی میں کھڑا کر کے ٹکٹ کنفرم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے گن گانے والے حواریوں کو ڈوب مرنا چاہئے کہ ان کے لیڈر نے ہزارہ میں آ کر ان کے مسائل تک سننا گوارا نہیں کئے، ایسے لیڈر سے کس طرح بھلے کی توقع کی جا سکتی ہے جو انتہائی غلیظ اور گندی زبان استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانپور سڑک کے حوالہ سے جعلی دعوے کرنے والے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، اس سڑک کیلئے 15 کروڑ انہوں نے اور کیپٹن (ر) صفدر نے دیئے جبکہ باقی فنڈز بابر نواز خان لائے اس کے علاوہ بھی ہم ہری پور کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے فنڈز کی قربانی دے رہے ہیں، ملک میں تبدیلی کے دعویداروں نے اس صوبہ کو تباہ کر دیا ہے جبکہ محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر چکی ہے، ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنانے کیلئے نواز شریف کو 2018ء میں بھی اور 2023ء میں بھی کامیابی سے ہمکنار کرنا ہو گا اور پاکستان و اسلام دشمنوں کو شکست دینا ہو گی۔