Live Updates

آئندہ الیکشن میں عمران خان کی جعلی تبدیلی کا صوبہ خیبر پختونخوا سے جنازہ نکلے گا، عوام منافق لیڈر کی جعلی تبدیلی کو نہیں مانتے،

تحریک انصاف کا لیڈر صرف خوابوں میں وزیراعظم بن سکتا ہے، عملی طور پر وزیراعظم بننے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کا ہری پور میں دوڑ پار دیہات کو سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 23:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے، عوام ان کی نام نہاد تبدیلی کو جان چکے ہیں، عوام منافق لیڈر کی جعلی تبدیلی کو نہیں مانتے، آئندہ الیکشن میں ان کی جعلی تبدیلی کا پور ے صوبہ سے جنازہ نکلے گا، قاضی محمد اسد مسلم لیگ (ن) کی آئندہ بننے والی صوبائی حکومت میں ہمارے وزیر ہوں گے، عمران خان اس صوبہ کی عوام کا مجرم ہے، عمران خان صرف خوابوں میں وزیراعظم بن سکتا ہے عملی طور پر وزیر اعظم بننے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

وہ جمعہ کو ہری پور میں دوڑ پار دیہات کو 7.5 ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر اور مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکر ٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا و مرکزی نائب صدر پیر صابر شاہ، ممبر قومی اسمبلی بابر نواز خان، صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ، ممبر صوبائی اسمبلی گوہر نواز خان، سابق صوبائی وزیر قاضی محمد اسد، ایوب آفریدی سمیت متعدد لیگی رہنما اور اہلیان علاقہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہری پور کے عوام نے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہوئے بابر نواز خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے 50 ہزار کی لیڈ سے جعلی تبدیلی والوں کا بیٹ توڑا جس کے جواب میں مسلم لیگ (ن) نے بھی اس ضلع کے عوام سے بھرپور محبت کا ثبوت دیا، بابر نواز خان حقیقی معنوں میں عوامی لیڈر ہے جس نے جونیئر ہونے کے باوجود سینئرز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 300 ممبران اسمبلی کی موجودگی میں ہمارے قائد وزیراعظم محمد نوازشریف نے صرف بابر نواز کو کھڑا کر کے ان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کے دعوے کرتا ہے لیکن اس کے اپنے صوبہ میں کرپشن عروج پر ہے، ضلع ہری پور میں بھی عوام چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں، اداروں میں کر پشن ہو رہی ہے، جعلی تبدیلی والے عوام کی قسمت نہیں بدل سکتے بلکہ پاکستان مسلم لیگ ہی اس ملک کو ترقی کی منزل تک پہنچا سکتی ہے، یہ ہری پور میں چند لاکھ اور چند کروڑ کے کام کروا کر خود کو بڑا لیڈر سمجھتے ہیں لیکن آج 7.5 ارب کے صرف ایک منصوبہ کے افتتاح سے ان کے سارے منصوبے اس میں غر ق ہو گئے ہیں، مسلم لیگ عوامی جماعت ہے۔

انہوں نے اس موقع پر سابق صوبائی وزیر قاضی محمد اسد کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی زبردست انسان اور بہترین عوامی لیڈ رہیں، انشاء الله آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ صوبہ بھر میں کلین سویپ کرے گی، ہری پور سے انشاء الله منتخب ہونے والے ہمارے بھائی قاضی محمد اسد آئندہ کی صوبائی کابینہ میں ہمارے وزیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کی طرح پور ے صوبہ کے عوام جان چکے ہیں کہ عمران خان کا تبدیلی و کرپشن کے خلا ف جنگ کا نعرہ جھوٹ ہے، وہ دوسروں کی تلاشی لینے کی بات کرتے ہیں لیکن جب اپنی تلاشی کی باری آتی ہے تو چیخیں نکلتی ہیں، خیبر بینک اور پیڈو میں کر پشن کے ریکارڈ قائم کرنے والے دوسروں پر کس منہ سے الزام تراشی کرتے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف فوج کی مدد سے مضبوط جنگ لڑی، آج ملک میں امن قائم ہونے جا رہا ہے جس کے وہ خود زندہ ثبوت ہیں کہ ماضی میں ان پر 7 دفعہ قاتلانہ حملے ہوئے، عوام کھلے میدان میں جانے سے کتراتے تھے لیکن آج عوام چین کی نیند سو رہے ہیں جس کا کریڈٹ محمد نوازشریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کامیاب جلسہ کے انعقاد پر بابر نواز خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات