تعلیم کے حصول کے بغیر کوئی بھی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

جمعہ 26 مئی 2017 23:38

سکھر۔ 26مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم کے حصول کے بغیر کوئی بھی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی، دور جدید کے نت نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کریں،جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے گلشن ہال نواں گوٹھ میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میئر سکھر نے مذید کہا کہ آج کے یہ ہونہار طالبعلم ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے، امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طالبعلموں کی حوصلہ افزائی کے لئے تقریب کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، دیگر سماجی تنظیموں کو بھی طالبعلموں کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کی تقریبات منعقد کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

تقریب میں سوشل ویلفیئر کے نصیر شاہ، راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی، سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکریٹری حاجی محمد یامین، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالجبار راجپوت، جوائنٹ سیکریٹری عطاء الرحمن، خازن حافظ محمد شعیب سمیت بندھانی برادری کے معززین، پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی ۔

تقریب میں سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز و انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :