صوبائی حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کاخاتمہ کردیا ہے، ماضی میں ہیرا پھیرا ہوتی رہی ہمارے اقدامات کی وجہ سے صوبے کے وسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے‘ وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعہ 26 مئی 2017 22:57

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی جس سے اداروں کی کارکردگی میں نکھار آیا ہے اور ادارے اب ڈیلیور کرنے لگے ہیںاور خواص کی تابع فرمانی کی بجائے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اداروں کا بنیادی مقصد بھی عوام کو ریلیف دینا ہے ۔ہم نے ایک قابل عمل اور شفاف سسٹم دے دیا ہے جس کی چھتری کے نیچے تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار کے اندر آزادانہ کام کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے میرا کچوری پشاور اورگائوں ہریانہ پشاورکے دورہ کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سیاسی عمائدین کو صوبائی حکومت کے اقدامات کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کے نزدیک سب سے بڑا منصوبہ اداروں کی فعالیت ، نظام کی شفافیت ہے اور کرپٹ عناصر کو کنارے لگانا تھا ۔انہوںنے واضح کیا کہ اصلاحات کے اس مجموعی عمل میں اُن کو سٹیٹس کو کی قوتوں کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا تھا مگر انہوںنے ریکارڈ قانون سازی کرکے ان قوتوں کو شکست دی اور عوام کو اُن کی اجارہ داری سے آزاد کرایا۔

خیبرپختونخوا میں میرٹ کی بالادستی کا نتیجہ ہے کہ اب لوگ شکوہ شکایت نہیں کرتے‘ حقدار کو حق مل رہا ہے ۔ تھانہ کلچر تبدیل ہو چکا ہے ۔تعلیم اور صحت کے شعبہ میں زیادہ وسائل خرچ کئے جارہے ہیں ان سب کوششوں کا محور غریب کو ریلیف دینا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے کے حقوق پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ فاٹاکے خیبرپختونخوا میں انضمام کے سلسلے میں دو ٹوک موقف اختیار کیا اور آواز اُٹھائی کہ انضمام حقیقت پسندانہ ہونا چاہیئے ۔

صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے بریف کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ سی پیک کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے مگر صوبائی حکومت نے صوبے کی ترقی کا خود بھی ایک جامع پلان بنایا ہے ۔ بیجنگ میںحالیہ انوسٹمنٹ روڈ شو کے دوران 83 منصوبوں پر ایم او یو ہوئے جن پر عمل درآمد سے تقریبًا24 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی ۔ ایف ڈبلیو او کے ساتھ پن بجلی ، آئل ریفائنری ، سیمنٹ فیکٹر ی اور ہائوسنگ سکیموں پر کامیاب معاہدے ہو چکے ہیں۔

ان منصوبوں کے منافع میں صوبائی حکومت کو دس فیصد حصہ ملے گا۔دوسری طرف ہم سڑکوں کی بحالی کے ذریعے پورے صوبے کو باہم مربوط کر رہے ہیں۔ سیاحت ، زراعت اور جنگلات کی ترقی کا قابل عمل پلان بنایا گیا ہے جس پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد صوبے کے وسائل کو صحیح جگہ استعمال کرنا ہے کیونکہ ماضی میں ہیرا پھیرا ہوتی رہی ۔

ہمارے اقدامات کی وجہ سے صوبے کے وسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ہم نے غیر ترقیاتی اخراجات کی کٹوتی اور معقول ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔مالی نظم وضبط قدم ، قدم پر نظر آتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں اور اب صوبہ خود کفالت کی طرف گامزن ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کے ویژن اور مشن کے تحت صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ تبدیلی کا یہ سفر آئندہ بھی تیزی سے جاری رہے گا۔