اسلام آباد میں کسانوں پر لاٹھی چارج کی مذمت، یہ ظالمانہ، وحشیانہ اور ناقابل قبول اقدا م ہے ، آصف زرداری

جمعہ 26 مئی 2017 22:49

اسلام آباد میں کسانوں پر لاٹھی چارج کی مذمت، یہ ظالمانہ، وحشیانہ اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں کسانوں پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے اسے ظالمانہ، وحشیانہ اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کا چونکہ یہ سیاسی حلقہ انتخاب نہیں اس لئے کسانوں کو سبق سکھانا ان کا مقصد تھا۔

سابق صدر نے کہا کہ انہیں سخت دکھ اور افسوس ہوا ہے کہ ان کسانوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جو اسلام آباد میں اس لئے جمع ہوئے تھے کہ قومی بجٹ کے موقع پر ان کی آواز سنی جائے۔ غریب کسانوں کی مشکلات پر بیان دینے کی بجائے حکومت نے انہیں خاموش کرانے کا انتخاب کیا اور ان پر ریاستی قوت استعمال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف کسانوں کے خلاف جرم ہے بلکہ قوم کے خلاف بھی جرم ہے جس کی پاداش نواز حکومت بھگتے گی اور اس کا احتساب ہوگا اور اسے سزا ملے گی۔

(جاری ہے)

زرعی شعبہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسان برادری میں مایوسی بڑھتی جا رہی جس سے غذائی تحفظ متاثر ہوگا۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کریں اور کسانوں کے پاس جا کر انہیں اپنی حمایت کا یقین دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت کی پالیسیاں یہ تھیں کہ گندم کی خریداری کی قیمتیں بڑھائی گئیں، ٹیوب ویل کے لئے بجلی سستی کی گئی ، دیہی آبادی کی قوت خرید میں اضافہ کیا گیا اور گندم میں پاکستان کو خودکفیل بنایا جس سے پاکستان کے دیہی علاقوں میں خوشحالی آئی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے جائز مطالبات ماننا 20کروڑ عوام کو غذائی تحفظ فراہم کرنے کے لئے انتہائی کم قیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسانوں کو دو طرح سے نقصان پہنچایا۔ ایک تو زرعی شعبے کو نظراندازکرکے اور دوسرا وسائل کو سیاسی پروجیکٹ جیسا کہ اسلام آباد میں میٹرو بس بناکر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ آصف علی زرداری نے پورے ملک میں کسانوں کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑی رہے گی اور زرعی شعبے کے فروغ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ عرصہ نہیں ہوا کہ نواز حکومت نے اوکاڑہ کے مزارعین کے خلاف تشدد کا استعمال کیا تھا اور اب پوری کسان برادری کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :