خورشید احمد شاہ کی ڈی چوک میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد اور آنسو گیس شیلنگ کی شدید مذمت

موجودہ حکومت کے جسم میں ضیاالحق کی روح ہے اور اس حکومت سے حقوق مانگنا ضیاالحق سے حقوق مانگنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کسانوں اور محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے ، ان کے ساتھ ان کے حقوق کی جنگ لڑے گی، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی

جمعہ 26 مئی 2017 22:43

خورشید احمد شاہ کی ڈی چوک میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے ڈی چوک میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد اور آنسو گیس شیلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تقریر کے فورا بعد کسانوں پر ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی اور کسانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے جسم میں ضیاالحق کی روح ہے اور اس حکومت سے حقوق مانگنا ضیاالحق سے حقوق مانگنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کسانوں اور محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ان کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔ اور اسلام آباد میں گرنے والے ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایما پر انتظامیہ کی یہ شرمناک کارروائی ناقابل معافی جرم ہے اور وزیر اعظم اس کا کروائی کا فوری نوٹس لیں ورنہ پاکستان پیپلز پارٹی اس کارروائی پر شدید ردعمل کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کونسی جمہوریت ہے جس میں بے گناہ غریبوں پر تشدد اور ملزم امیروں پر کرم نوازیاں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پانچ سالہ دور میں نہ لاٹھی چلی اور نہ کوئی سیاسی گرفتاری ہوئی۔ اور ہم اب بھی اس جابرانہ حکومت کا ہاتھ روکیں گے اور غریبوں ، مزدوروں اور کسانوں پر ظلم نہیں ہونے دیں گے۔بعد ازاں اپوزیشن لیڈر نے پی پی پی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں کسانوں کے تمام مطالبات کو تسلیم کرنے اور گرفتار کسانوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسے پہلے اپوزیشن لیڈر نے بھی وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ کسانوں کے تمام مطالبات کو فی الفور تسلیم کیا جائے اور گرفتار کسانوں کو فورا رہا کیا جائے۔…(رڈ)