حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کیا،اس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو خصوصی توجہ دی گئی ہے ‘ کاشتکاروں کو مراعات دی جا رہی ہیں ‘ اپوزیشن لنڈا بازار ہے ‘ دھرنے والے دھرنا دیتے رہیںگے، ہم ملک کو آگے لے جائینگے

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 26 مئی 2017 22:39

حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کیا،اس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کر دیا ہے ‘ جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو خصوصی توجہ دی گئی ہے ‘ کاشتکاروں کو مراعات دی جا رہی ہیں ‘ اپوزیشن لنڈا بازار ہے ‘ دھرنے والے دھرنا دیتے رہین گے ہم ملک کو آگے لے جائینگے ۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجٹ میں بیوائوں کی پنشن اور ان کے قرضوں کی معافی کی سہولت دی گئی ہے۔ تنخواہ دار اور پنشن دار طبقے کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے جو اس بجٹ کو ہر لحاظ سے ممتاز بجٹ بناتا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دیا گیا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہونے جا رہاہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کیلئے خوشیوں کا سال ہے۔ کسان ‘ مزدور ‘ تنخواہ دار ‘ صنعتکار اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اس بجٹ سے ریلیف حاصل کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی مسترد کر دہ ہے اس لئے وہ بجٹ کو مسترد کر رہی ہے تاہم انہیں اپنے صوبوں میں ریلیف دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے دینے والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں ان عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملکی ترقی کا سفر جاری و ساری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کل کہاں تھا آج کہاں کھڑا ہے ۔ ملک ماضی میں دیوالیہ ہونے کی جانب تھا اب ترقی کی راہ کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور پاکستان کی ترقی کا دور ہے۔ …(رانا+ار)