حکومت نے اس سال پہلی بار صرف قومی ترقی کیلئے قرضے لئے ہیں ،ْوزیر خزانہ

پاکستان کے عوام اور ملک کے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری سے تیز تر، پائیدار اور اجتماعی ترقی حاصل ہو گی ،ْاسحاق ڈار

جمعہ 26 مئی 2017 22:26

حکومت نے اس سال پہلی بار صرف قومی ترقی کیلئے قرضے لئے ہیں ،ْوزیر خزانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے اس سال پہلی بار صرف قومی ترقی کیلئے قرضے لئے ہیں ،ْ پاکستان کے عوام اور ملک کے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری سے تیز تر، پائیدار اور اجتماعی ترقی حاصل ہو گی۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اس معزز ایوان، وزیراعظم محمد نواز شریف اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ایک طویل عرصے کے بعد اس سال حکومت پاکستان نے پہلی بار صرف قومی ترقی کے لئے قرضے لئے ہیں۔

پہلے ہم نہ صرف ترقیاتی ضروریات بلکہ غیرترقیاتی اخراجات کے لئے بھی قرض لیتے تھے۔ یہ قرضے ہمیں معاشی تنزلی کی طرف لے جا رہے تھے جہاں ہمیں روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لئے ادھار لینا پڑتا تھا اور ان قرضوں پر منافع کی ادائیگی میں بجٹ کا خطیر حصہ خرچ کرنا پڑتا تھا۔

(جاری ہے)

یہ تبدیلی اچھے مالیاتی انتظام، محاصل بڑھانے پر مستقل توجہ دینے اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کرنے سے حاصل ہوئی ہے۔

یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں، کسی بھی حکومت یا ادارے کے لئے ترقیاتی مقاصد کے لئے قرض لینے میں کوئی عار نہیں کیونکہ اس کے سماجی اور معاشی فوائد اس پر دیئے جانے والے مارک اپ سے زیادہ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے عوام اور ملک کے بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری سے تیز تر، پائیدار اور اجتماعی ترقی حاصل ہو گی۔