وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں کسانوں پر طاقت اور جبر کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے، شفقت محمود

�غل اعظم" چاہتے ہیں کہ وہ جس طریقے سے چاہیں عوام کی کھال کھینچیں کوئی "اف" نہ کرے،وفاقی حکومت ہوشمندی کا مظاہرہ کرے اور طاقت کا بے جا استعمال بند کرے،مرکزی رہنماتحریک انصاف

جمعہ 26 مئی 2017 22:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء)وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں کسانوں پر طاقت اور جبر کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔انتہائی شدید موسم میں اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلنے والے کسانوں پر جبر سراسر ظلم ہے۔جمیوریت کے لبادے میں بدترین آمرانہ طرز حکومت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔"مغل اعظم" چاہتے ہیں کہ وہ جس طریقے سے چاہیں عوام کی کھال کھینچیں کوئی "اف" نہ کرے۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چار برسوں میں "مغل اعظم" نے کسانوں کی زندگیوں میں افلاس اور بھوک کے اندھیرے بھرے ہیں۔"مغل اعظم" کیسے توقع کرتے ہیں کہ انکے ظلم کیخلاف کوئی صدا بلند نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ "مغل اعظم" مشکلات کم کرنا تو درکنار کسانوں کو جینے کا حق بھی نہیں دینا چاہتی۔

پاکستان کا غیرت مند کسان "مغل اعظم" سے ظلم کا حساب لے گا۔آج کی بجٹ تقریر کے بعد کسان ہی نہیں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد احتجاج کرتے نظر آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف "مغل اعظم" کی آمریت کیخلاف مظلوم کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی حکومت ہوشمندی کا مظاہرہ کرے اور طاقت کا بے جا استعمال بند کرے۔