سماجی و معاشی ترقی میںچھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کاکردار اہم ہے، چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسرکے الیکٹرک

جمعہ 26 مئی 2017 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) گزشتہ برسوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بجلی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مسلسل سرمایہ کاری اور بجلی چوری کے خلاف مہم سے صنعتی علاقوں کوبجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوئی ہے۔اس وقت کراچی کا 61فیصد حصہ اور اہم تنصیبات لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جبکہ چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو ان کی کاروباری سرگرمیاںبخوبی سرانجام دینے کے لیے بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارکے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشنز آفیسر، سید فخر احمد نے چھٹی سالانہ ایس ایم ای سینیٹ اینڈ بزنس ڈیویلپمنٹ کانفرنس سے ایک مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ایس ایم ایز کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایاتاکہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔اس کانفرنس کے دوران چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیااور سیکٹر کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔اس کانفرنس میں تعلیمی ، کاروباری، سرکاری اور نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز مقررین اور متعدد وفود سمیت معروف صنعتکاروں نے بھی شرکت کی۔