وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں مالیاتی بل 2017ء کی نقل اور سالانہ بجٹ گوشوارہ پیش کر دیا

مالیاتی بل 2017ء بشمول سالانہ بجٹ گوشوارے پر قومی اسمبلی کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے حوالے سے تحریک کی منظوری سینیٹ میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث پیر سے شروع ہوگی

جمعہ 26 مئی 2017 21:31

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں مالیاتی بل 2017ء کی نقل اور سالانہ بجٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مالیاتی بل 2017ء کی نقل اور سالانہ بجٹ گوشوارہ ایوان بالا میں پیش کر دیا۔ جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں انہوں نے آئین کے آرٹیکل 73 کے تحت مالیاتی بل کی نقل اور بجٹ گوشوارہ ایوان میں پیش کیا۔ اجلاس کے دور ان مالیاتی بل 2017ء بشمول سالانہ بجٹ گوشوارے پر قومی اسمبلی کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے حوالے سے تحریک کی منظوری دیدی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلا س کے دور ان مالیاتی بل کی نقل پیش کئے جانے کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ارکان سے کہا کہ وہ پیر تک آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات سینیٹ سیکریٹریٹ تک پہنچا دیں، اس کے بعد سفارشات زیر غور نہیں لائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ارکان کی طرف سے جمع کرائی جانے والی سفارشات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بھجوائی جائیں گی جن پر وہ اپنی حتمی رپورٹ 10 دن میں پیش کرے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے سفارشات قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کو بھجوائی جائیں گی۔