صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 29844.264ملین روپے لاگت کے 9پراجیکٹس کی منظوری دے دی

جمعہ 26 مئی 2017 21:22

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) نے 29844.264ملین روپے لاگت کے 9پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی جس میں سیکرٹری محکمہ منصوبہ سازی و ترقی شہاب علی شاہ ، اس کے ممبران اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر صوبے کی ترقی کیلئے صحت ، داخلہ زراعت ، بلدیات اور کثیر شعبہ جاتی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق بارہ پراجیکٹس پر تفصیلی غور و خوض کے بعد 9پراجیکٹس کی منظوری دی گئی جبکہ تین پراجیکٹس کو غیر موزوں ڈیزائن اور حکمت عملیوں کے باعث موخر کر کے اصلاح اور بہتری کیلئے متعلقہ محکموں کو واپس کر دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پانی کے شعبے میں مارجنل بند ڈی آئی خان میں سیلاب سے بچائو کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی اسی طرح شہری ترقی کے شعبے میں پشاور رنگ روڈ پر انٹر چینجز کی تعمیر اور ڈیزائن ، عمارتوں کے شعبے میں سول سیکرٹریٹ پشاور میں پی اینڈ ڈی بلاک کی تعمیر ، سڑکوں کے شعبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد سے پی کے ایچ اے ہائی وے کے تحت صوبائی سڑکوں کی بحالی کے پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں ضلع بنوں میں پی کے۔72میں گورنمنٹ سیکنڈری سکول تختی خیل اور گورنمنٹ سیکنڈری سکول نرمی خیل کے پراجیکٹس ، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی خود کاری ( روٹ پرمٹ کی کمپیوٹرائزیشن ) اور خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ انسپکشن سٹیشنز کے قیام کے پراجیکٹس کی منظوریاں دی گئیں جبکہ بہبود آبادی کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں سو فیملی ویلفئیر مراکز کے قیام اور کثیر شعبہ جاری ترقیاتی شعبے میں کوہ دامان ضلع پشاور کے عسکریت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کے پراجیکٹس کی بھی منظوریاں دی گئیں۔