مالی سال 2017-18ء کا بجٹ متوازن اور عوام دوست ہے، بجٹ میں انڈسٹری کو ریلیف دیا گیا، ترقیاتی منصوبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے، مسلح افواج کیلئے ضرب عضب الائونس درست فیصلہ ہے

مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 مئی 2017 21:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیا ہے، بجٹ میں انڈسٹری کو ریلیف دیا گیا، ترقیاتی منصوبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں، مسلح افواج کے لئے ضرب عضب الائونس درست فیصلہ ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی سال 2017-18ء کے بجٹ میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی ہے۔

عوام دوست اور متوازن بجٹ ہے۔ ابھی اس حوالے سے مزید تجاویز آئیں گی۔ اس سے مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں انڈسٹری کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ پولٹری کی صنعت کی طرف بھی توجہ دی گئی ہے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں اس سے پہلے ماضی میں کسی بھی حکومت نے اتنے فنڈز مختص نہیں کئے۔

(جاری ہے)

اس سے ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جبکہ توانائی کے منصوبوں کے لئے بھی خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے۔ دس فیصد اضافہ ناکافی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کم از کم ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 25 فیصد کیا جائے تو درست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کی جائے۔ مسلح افواج کیلئے ضرب عضب الائونس حکومت کا درست فیصلہ ہے۔ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور ملک کے دفاع کیلئے دن رات ایک کر رہی ہے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ جی ڈی پی کی گروتھ بہت اچھی رہی کچھ حالات سیکیورٹی کی وجہ سے آئی، سی پیک کی وجہ سے جی ڈی پی کی گروتھ بڑھی ہے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ انکم ٹیکس نیٹ ورک بہت کمزور ہے، اس کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔