زمینوں پر قبضہ ظلم، قبضہ مافیا بلاامتیاز کارروائی کیلئے تیار رہے‘محکمے ہائوسنگ سو سائیٹیوں بارے قوانین کو ریگو لیٹ اور ضروری ترامیم تجویز کریں ‘سوسائیٹیوں کی مش روم گروتھ روکیں گے، تارکین وطن کی زمینوں پر قبضے وا گزار کرائیں گے،رانا ثناء اللہ خاں

جمعہ 26 مئی 2017 21:19

زمینوں پر قبضہ ظلم، قبضہ مافیا بلاامتیاز کارروائی کیلئے تیار رہے‘محکمے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائیگی جس کے لیے وہ تیار رہے۔اس ضمن میں کسی بھی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا۔وہ یہاں پنجاب اسمبلی میںانسداد قبضہ گروپ قوانین سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی کرم الہی بندیال ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری ہائوسنگ ، سیکرٹری کو آپریٹو، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری کالونیز، کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی ، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور ایڈیشنل آئی جی لیگل بھی موجود تھے۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ حکومت لینڈ یوز رولز پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کسی بھی شکل میں ہو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہائوسنگ سو سائٹیوں کے بارے قوانین کو ریگولیٹ کریں۔ انھوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ اور سٹے کو بطور تاخیری حربہ استعمال کرنے والوں کے لیے قوانین میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی۔ انھوں نے شرکاء اجلاس کو ہدایت کی کہ وہ ان قوانین میں ترامیم کے لیے تجاویز دیں جن کی آڑ میں قبضہ مافیا فائدہ اٹھاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سو سائیٹیزکی مش روم گروتھ کو روکنا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ ایسی ہائوسنگ سو سائیٹیز عوام اور حکومت دونوں کے ساتھ دھوکہ کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اگر قوانین بناتی ہے تو ان پر عمل درآمد کروانا بھی جانتی ہے۔قبل ازیں، اجلاس کے دوران شرکاء اجلاس نے قبضہ گروپس کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ جن کے مطابق ہائو سنگ سو سائیٹیوں کو اونر شپ ، ترقیاتی کام، نقشہ جات دیگر معلومات ویب سائٹ پر لانے کی پابند بنایا جائیگا۔ فائل ٹو فائل ٹرانسفر کے بجائے رجسٹری کروانے کی حوصلہ افزائی کی جائے اور تارکین وطن کی زمینوں کو پولیس کی مدد سے ترجیحی بنیادوں پر و ا گزار کرایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :