کپاس کی اچھی قیمت کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کی ضامن ہے،محکمہ زراعت

جمعہ 26 مئی 2017 23:15

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل ہماری معاشی خوشحالی کیلئے ازحد ضروری ہے، جس کی اچھی قیمت کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کی ضامن ہے، جس میں مزید بہتری کیلئے رقبہ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جائے،اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ کاشتکاروں کو کپاس کی موجودہ پیداواری ٹیکنالوجی بارے بھرپور رہنمائی کررہا ہے، ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لارہی ہے جس میں دوست کیڑوں کی فراہمی، پیسٹ سکائوٹنگ کی سہولیات، پی بی روپس، دشمن کیڑوں کو پکڑنے کے جنسی پھندے، کاشتکاروں کیلئے تربیت اور مشاورت شامل ہے، اس سلسلہ میں منتخب کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج مفت فراہم کیا گیا ہے جبکہ کپاس کی فصل سے گلابی سنڈی کے خاتمے کیلئے پی بی روپس بھی مہیا کیے جارہے ہیں، علاوہ ازیں بلاسود زرعی قرضوں کی فراہمی، کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی اور زرعی ادویات پر سیلز ٹیکس کے خاتمے کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کرنا ہے، ترجمان کے مطابق کاشتکار کپاس کی کاشت جلد از جلد مکمل کریں اور پودوں کی تعداد کم از کم 23ہزار فی ایکڑ رکھیں نیز بیج کو زہر لگائیں ، بہتر پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، کھادوں کا متناسب استعمال اور کپاس کی نازک مراحل پر آبپاشی انتہائی ضروری ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ کپاس میں کیڑوں کا کنٹرول اولین حیثیت کا حامل ہے، اگر کھیت میں پودوں کی تعداد پوری ہو، مناسب کھاد و پانی مہیا ہو اور کیڑوں سے محفوظ رکھا جائے تو پیداواری ہدف کا حصول کوئی مسئلہ نہیں ہے، کاشتکار ان عوامل پر بھرپور توجہ دیں تاکہ مقررہ ہدف کا حصول ممکن ہوسکے۔