میپکو محکمانہ کیسز کافیصلہ۔تین ایس ڈی اوز کو سخت سزائیں دینے کے احکامات

جمعہ 26 مئی 2017 21:15

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء)چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو محمود احمد خان نے محکمانہ کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے تین ایس ڈی اوز کو سخت سزائیں دینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978؁ء کے تحت کاروائی کرتے ہوئے سب ڈویژنل آفیسر میپکو شجاع آباد سب ڈویژن سیف اللہ کو ایک کیس میں موجودہ سکیل میں دو سال کے لئے دو درجہ کمی اور دوکیسوں میں دو سال کے لئے سالانہ تنخواہوں میں اضافہ روک دیاہے ۔

سابق ایس ڈی او سب ڈویژن وہوا ڈی جی خان تیمور حسین کی دو کیسوں میں دو سال کے لئے سالانہ تنخواہوں میں اضافہ روکاگیاہے جبکہ سابق ایس ڈی او میپکو شاہ مراد سب ڈویژن ہڑپہ (موجودہ ایس ڈی او لکی مروت سب ڈویژن پشاور) محمد الیاس خان کی ایک کیس میں سالانہ تنخواہ میں اضافہ روکنے اورایک کیس میں تنبیہ کرنے کی سزا سنائی گئی ہے ۔