Live Updates

میپکوکا رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے کا اعلان

جمعہ 26 مئی 2017 21:15

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے کا اعلان کردیاہے ۔ رمضان المبارک کے دوران میپکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں 4گھنٹے، تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں 5گھنٹے ، بڑے قصبوں میں 6گھنٹے، ٹیوب ویل اور دیہی فیڈرز پر 6گھنٹے، پاورلومز فیڈرز پر 6گھنٹے، مکس انڈسٹری کے لئے 6گھنٹے اور صنعتی فیڈرز پر 10گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی تاہم اس پلان سے زیادہ نقصانات والے فیڈرز مستشنیٰ ہوں گے اور ان ہائی لاس فیڈرز پر وزارت پانی وبجلی کی ہدایت کے مطابق ان پر ہونے والے نقصانات کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔

جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر سرفرازاحمد ہراج کے مطابق حکومتی احکامات کی روشنی میں میپکو ریجن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے 13اضلاع میں گھریلو صارفین کوسحری کے لئے ڈیڑھ بجے رات سے چار بجے صبح ، افطاری اور تراویح کے لئے ساڑھے چھ بجے شام سے ساڑھے دس بجے رات تک بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے ہیڈ کوارٹر کی سطح پر میپکو پاورکنٹرول سنٹر میں افسران اور عملہ تین شفٹوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دے گا جبکہ سرکل ، ڈویژنل اور سب ڈویژنل کی سطح پر چوبیس گھنٹے عملہ خدمات سرانجام دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ میپکو انتظامیہ پاورکنٹرول سنٹر میں بجلی کی فراہمی کو مانیٹر کرے گی اور روزہ داروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ صارفین غیر علانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمرز جلنے یا خراب ہونے کی شکایات کی صورت میں میپکو پاورکنٹرول سنٹر کے ٹول فری نمبر 0800-63726، 0345-8189213،0345-8189210،061-9220321،061-9220322اور061-9220323پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات