کراچی:کراچی ملک کا معاشی حب اور ترقی کا پیمانہ ہے ، شہر کی ترقی پورے ملک کی خوشحالی کی ضمانت ہے،محمد زبیر

مجموعی قومی آمدنی میں سب سے زیادہ حصہ دینے والے کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں ہر ایک کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،گورنر سندھ کیمیئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 26 مئی 2017 23:45

کراچی:کراچی ملک کا معاشی حب اور ترقی کا پیمانہ ہے ، شہر کی ترقی پورے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب اور ترقی کا پیمانہ ہے ، شہر کی ترقی پورے ملک کی خوشحالی کی ضمانت ہے ، مجموعی قومی آمدنی میں سب سے زیادہ حصہ دینے والے کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں ہر ایک کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے شہر میں سرمایہ کاری، معاشی و اقتصادی ، صنعتی ، تجارتی ، سماجی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی پر وفاقی حکومت خصوصی دلچسپی لے رہی ہے ، وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کا سب سے مثبت اور اچھا اثر کراچی پر ہوا جہاں سے معاشی مثبت اشاریئے حاصل ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں اور صفائی ستھرائی کی ضرورت ماضی سے آج بہت زیادہ بڑھ چکی ہے ، شہر کو اس کا اصل مقام دلانے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر سندھ کو شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں ، حائل رکاوٹوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعظم پاکستان نے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے آپریشن کا آغاز کیا جو کہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا آج شہر میں امن و امان قائم ہو چکا ہے لیکن آپریشن کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے ترقیاتی اور صفائی ستھرائی کے موئثرکام نہیں ہوئے لیکن کراچی میٹر و پولیٹن اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کام کررہی ہے ، بلدیاتی اداروں کا مقصد نچلی سطح تک عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے ،وفاقی حکومت شہر کو اس کے جائز مقام کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے وفاقی حکومت کے تحت گرین لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر شہر کے دیرینہ مسئلہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے K-IV منصوبہ پر بھی کام جاری ہے ۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ گورنر سندھ ملک کے اقتصادی حب کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ شہر کے باسیوں کے خوش آئند ہے اس عزم سے ہی عوام کو بہتر ثمرات پہنچائے جا سکتے ہیں ۔#

متعلقہ عنوان :