کراچی:وفاقی حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں مزید اضافہ کررہی ہے،محمد زبیر

جس سے تعلیم کے فروغ اور تحقیق کے کاموں میں مزید اضافہ ہوگا ، وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اچھے اور معیاری نمبرحاصل کرنے والے طالب علم اپنی ذہانت کا لوہا منواتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے ایسے نوجوان ہی ہمارے معاشرہ ، ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں،گورنر سندھ کا طالب علموں میںکیش ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 23:45

کراچی:وفاقی حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں مزید اضافہ کررہی ہے،محمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) گورنر سندھ و چانسلر محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں مزید اضافہ کررہی ہے جس سے تعلیم کے فروغ اور تحقیق کے کاموں میں مزید اضافہ ہوگا ، وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ جد ید دور میں اعلیٰ تعلیم ہی سے ترقی و خوشحالی اور عوامی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے ، طالب علموں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہو نہار طالب علموں کی بھرپور معاونت اور تعاون فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے ہو نہار طالب علموں کی پذیرائی بہت ضروری ہے ، اچھے اور معیاری نمبرحاصل کرنے والے طالب علم اپنی ذہانت کا لوہا منواتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے ایسے نوجوان ہی ہمارے معاشرہ ، ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی بی اے سکھر اورشہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ دونوں زبردست ادارے ہیں ،خوش قسمت ہیں طلبہ جو ان اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں کیونکہ ملک میں کروڑوں نوجوان اس سطح کی اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کرپاتے ہیں ،اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنے کام سے ملک کا نام روشن کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں آئی بی اے سکھر اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں رواں برس نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں میںکیش ایوارڈ تقسیم کرنے کی سادہ پر وقار تقریب سے خطاب میں کیا ۔

اس موقع پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام اصغر چنا ،، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کے پرنسپل ڈاکٹر آفتاب احمد سومرو، بی بی آصفہ ڈینٹل کالج لاڑکانہ کے پرنسپل ڈاکٹر محمد الیاس شیخ ،بینظیر انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ کمیونٹی ہیلتھ سائنسز لاڑکانہ کی پرنسپل پروفیسر ثریا نثار،چانڈ کا میڈیکل کالج کے وائس پرنسپل پروفیسر محمد حنیف شیخ ،پروفیسر ڈاکٹر سید صابر حسین بخاری ، پروفیسر انجینئر محمد اسماعیل منگریو، پروفیسر زاہد علی جتوئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب میں گورنر سندھ نے مختلف فیکلٹیز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو کیش ایوارڈ دیئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد ہو نہار طالب علموں کی پذیدائی اور دیگر طالب علموں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کو اجا گر کرسکیں اس سلسلہ میں جامعات میں ہر ایک طالب علم کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیر اعلیٰ تعلیم طالب علم اپنے ایک ایک منٹ کو قیمتی سمجھتے ہوئے لگن ،محنت اور وژن کے ساتھ تعلیمی تیاریوں میں حصہ لیں ، ان کی کامیابی دراصل ملک و قوم کی کامیابی ہے ان نوجوانوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے یہ روشن مستقبل کی نوید ہیں ہمیں ان نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے بھرپور وسائل فراہم کرنا ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید قوموں کی ترقی کا راز ان کا تعلیمی نظام اور ہو نہار طالب علم ہی ہیں ہمیں اپنے نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہوگا تاکہ جدید دور کی دوڑ میں شامل ہو ا جاسکے اس ضمن میں جامعات کلیدی کردار ادا کررہی ہیں ، وفاقی حکومت جامعات کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کررہی ہے جامعات میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے بھی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر زبردست خدمت انجام دے رہے ہیں ان کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں خدمات قابل تحسین ہیں۔ تقریب سے خطاب میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام اصغر چنا نے کہا کہ گورنر سندھ بھرپور سرپرستی کرتے ہوئے تعاون اور مدد فراہم کررہے ہیں ،صوبہ میں ہائر ایجوکیشن کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ۔

آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر نثار احمد صدیقی نے کہا کہ صوبہ کو گورنر سندھ محمد زبیر کی صورت میں ایک اچھا چانسلر/ پیٹرن مل گیا ہے، گورنر سندھ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ،آج کی تقریب بھی گورنر سندھ نے ہو نہار طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے رکھی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :