وفاقی حکومت نے غریب کش بجٹ پیش کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے‘سیدصمصام علی بخاری

حکمرانوں نے موجودہ بجٹ غریبوں کی بجائے امیروں لئے بنایاہے ‘سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب

ہفتہ 27 مئی 2017 00:22

وفاقی حکومت نے غریب کش بجٹ پیش کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے‘سیدصمصام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹر ی اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے غریب کش بجٹ پیش کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ، حکمرانوں نے موجودہ بجٹ غریبوں کی بجائے امیروں کے لئے ترتیب دیا ہے ،(ن) لیگ کی تجربہ کار ٹیم لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

سیدصمصام علی بخاری نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے دور میں برآمدات میںکمی اور درآمدات میںاضافہ ہوا ہے ، کشکول توڑنے کا وعدہ کرنے والوں نے ملک پر قرضوں پر بوجھ ڈال دیا ہے ، ملکی معیشت کاجنازہ نکالنے میں موجودہ حکمرانوں کا ہاتھ ہے ، تحریک انصاف موجودہ بجٹ کو مستر د کرتی ہے جس میں غریب عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ نے ملک صنعت کا پہہ جام کر کے رکھ دیاہے جس کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اپنی عیاشیوں کو کم کرنے کی بجائے غریبوں پر ٹیکسوں کے بم چلارہے ہیں۔رمضان شروع ہونے سے پہلے روزہ مرہ استعمال کی چیزوں میں اضافہ حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میرا حکومت کو چیلنج ہے کہ وہ ایک مہینے پہلے والی قیمتیں ہی برقرار کرکے دکھائیں، رمضان بازاروں اور مارکیٹ میں ریٹ فرق نہ ہونے کے برابر ہے ۔سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ جب تک ملک سے امیر اور غریب کافرق نہیں مٹایا جاتا اس وقت تک ملکی ترقی خواب ہی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :