وزیراعلیٰ کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ کابغیر پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول اچانک دورہ، انتظامیہ لاعلم رہی

ایمرجنسی اوردیگر وارڈکا معائنہ،مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی، کارڈیک کیئر یونٹ پوری طرح فنکشنل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار،متعلقہ حکام کی سرزنش غریب آدمی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا عزم کرلیا ہے ،صحت عامہ کی سہولتوں کا بھی دیگر منصوبوں کی طرح معائنہ کررہا ہوں،مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا ہونے تک ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا،عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے اور جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے،شعبہ صحت کی بہتری کیلئے آپ کی ذاتی دلچسپی اور ذاتی نگرانی سے بہتری آئی ہی:مریضوں کے لواحقین کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

ہفتہ 27 مئی 2017 00:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ کابغیر پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا، انتظامیہ وزیر اعلیٰ کے دورے سے سے مکمل طورپرلاعلم رہی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں دی جانیوالی طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا،وزیراعلیٰ بغیر کسی اطلاع کے اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چنیوٹ پہنچے اور ہسپتال کی ایمرجنسی اوردیگر وارڈکا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اوران سے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میںمعلومات حاصل کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں علاج معالجے کی عمومی سہولتوںکی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ نے بعض مریضوں کی جانب سے کی جانے والی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے ازالے کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کارڈیک کیئر یونٹ پوری طرح فنکشنل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیااورمتعلقہ حکام کی سرزنش کی،وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کروڑو ں روپے کے فنڈ سے فراہم کی گئی سہولتوں کو ہر صورت عام آدمی کے فائدے کیلئے استعمال ہونا چاہیے،اس ضمن میں آئندہ میں کوئی بہانہ قبول نہیں کروںگا، غریب آدمی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا عزم کرلیا ہے اورصحت عامہ کی سہولتوں کا بھی دیگر منصوبوں کی طرح معائنہ کررہا ہوں ۔

انہوںنے کہا کہ جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہوجاتا،ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا،۔عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے اور جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے یہ ہسپتال مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں دینے کے لئے بنایا گیا ہے اورمیں مریضوںکو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا-وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعہ کو ڈاکٹروں ،نرسوں اوردیگر عملے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جذبے کیساتھ کام کیا جائے اور آپ ایک انتہائی مقدس پیشے سے وابستہ ہیں۔

آپ کے منصب کا تقاضا ہے کہ درددل کیساتھ مریضوں سے پیش آیا جائے اورانہیں بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف حصے دیکھے اوروہاں صفائی کے انتظامات ،ادویات کی فراہمی اورعلاج معالجے کی دیگرسہولتوں کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ کو دیکھ کر مریضوں کے لواحقین نے شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔اس موقع پر مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیںاور آپ کی ذاتی نگرانی میں شعبہ صحت میں بہتری آئی ہے اورآپ کے دوروں سے ڈاکٹروں اورعملے کے روئیے میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔

مریضوں اوران کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال میںمفت ادویات کی فراہمی پراطمینان کااظہارکیا اوربتایا کہ ہمیں یہاں ہر طرح کی ادویات مل رہی ہیں ۔اس موقع پر مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو طبی سہولتوں کے علاوہ دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ان مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی اوروزیراعلیٰ نے فیصل آباد چینوٹ روڈ کو مزید علاقوں تک توسیع دینے کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :