دینی و مذہبی جماعتیں مشترکہ طور پر یوم القدس منائیں گی، ملی یکجہتی کونسل پاکستان

یوم القدس کے موقع پر کشمیری بھائیوں پر بھارتی مظالم کے خلاف بھی آواز اٹھانی چاہئے، ثاقب اکبر قبلہ اول کی آزادی امت مسلمہ کے ایمان اور عقیدے کا مسئلہ ہے، تحریک آزادی قدس کا احیا کیا جائے گا: شرکاء کا خطاب

ہفتہ 27 مئی 2017 00:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) ملی یکجہتی کونسل پاکستان یوم القدس کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرے گی۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی اسلام آباد کے ناظم زبیر فاروق نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی یوم القدس کے انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں کیا انھوں نے کہا کہ یوم القدس کے پروگراموں میں نہ صرف دینی و مذہبی جماعتیں شامل ہوں گی بلکہ سول سوسائٹی ، تاجر برادری اور وکلاء سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں گے ۔

اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ۸۴۹۱ سے اب تک ایک کروڑ ۴۲ لاکھ فلسطینی مہاجر کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم القدس کے موقع پر کشمیری بھائیوں پر بھارتی مظالم کے خلاف بھی آواز اٹھانی چاہیے ۔ اس موقع پر جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یہ اقدام مسئلہ فلسطین کو ایک نئی جہت اور زندگی دے گا جس میں نوجوانوں کی شرکت خوش آئند ہے۔

تحریک احیائے خلافت کے امیرقاضی ظفر الحق نے کہا کہ اللہ تعالی نے آنحضرتؐ کو یہ اعزاز بخشا کہ ان کی امت کو دو قبلے عطا کیے مگر بدقسمتی سے ہمارے قبلہ اول پر یہودی قابض ہیں ۔ ہمیں اس مسئلے کو دینی طور پر بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں فلسطین کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے ۔

دیگر مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعتیں قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی اور یوم القدس کے موقع پر کارکنان کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوگی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین، پاکستان عوامی تحریک، امامیہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن ، جمعیت علماء اسلام، جمعیت علماء پاکستان ، جماعت اہل حدیث، اور اتحاد العلماء کے عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :