ضلع راولپنڈی میںجاری ترقیاتی سکیمیوں کوسیکٹر وائز جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے‘ ٹیوب ویلزاور واٹر سپلائی کی پائپ لائنوں پر جاری کام جلد از جلد مکمل کیا جائے‘ ملک ابرار احمد

ہفتہ 27 مئی 2017 00:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ ضلع راولپنڈی میںجاری ترقیاتی سکیمیوں کوسیکٹر وائز جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ان سکیمیں کے مکمل ہونے کے بعد عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ میں 9 ڈسپنسریز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جو کہ 30 جون تک مکمل ہوجائیں گی جس سے عوام کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلزاور واٹر سپلائی کی پائپ لائنوں پر جاری کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میںضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل ، ایم پی ایز چوہدری سرفراز افضل ، افتخار احمد وارثی ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ،شوکت عزیز بھٹی ،سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان، ای ڈی او فنانس رائو عاطف ، ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ صائمہ غفورسمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی ۔

رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا کہ ضلع راولپنڈی میں 9 ڈگری کالج تعمیر کیے جارہے ہیں جو کہ آئندہ مالی سال میں مکمل ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیز ون میں جاری سڑکوں او ر گلیوں کی تعمیرات کا کام جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہریونین کونسل میں طلباو طالبات کے لیے الگ الگ سکولز قائم کیے جائیں گے جس پر فوری عمل درآمد ہوچکا ہے تاکہ دیہات کے لوگوں کو اپنے بچوں کے لیے حصول تعلیم کے لیے دور دارز علاقوں میں نہ جانا پڑے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار احمد وارثی نے کہا کہ وزیر اعلی نے چنگا بنگیال گوجر خان میں کالج کی منظوری دے دی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یونین کونسل تھاتی کی پلیوں کا کا م جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف بہت جلد دولتالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کریں گے اس سلسلے میں تمام انتظامات جلد مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے ایس ای روڈز کو ہدایت کی کہ روڈ کی تعمیرات کا جلد کام مکمل کیا جائے ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل نے کہا کہ اسلام پورہ جبر میں ڈسپنسری کا کام جاری ہے تاکہ دیہات میں بسنے والے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت اورتعلیم ساتھ ساتھ دینے اور دیہات کو شہر سے منسلک کرنے کے لیے سٹرکوں کا جال بچھارہی ہے تاکہ گائوں کے رہنے والے لوگوں کے لیے شہروں تک رسائی کو آسان بنایا جائے ۔