ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے پانچ رکنی وفد کا جامعہ بلوچستان کا دورہ

جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال سے ان کے چیمبر میں ملاقات

ہفتہ 27 مئی 2017 00:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایک پانچ رکنی وفد نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جامعہ کے رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ایچ ای سی کے کوئٹہ ریجنل آفس کے ڈائریکٹر حبیب اللہ ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کے پروگرامز سمیت، اداروں کے درمیان بہتر تعلقات، ایچ ای سی کے ساتھ مشترکہ تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی تعلیمی نظام اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ بلوچستان نے گزشتہ برسوں میں تعلیمی، تحقیقی حوالے سے اہم پیش رفت کی ہیں اور ایچ ای سی کے تعاون و اشتراک عمل سے مختلف تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے اور ایچ ای سی رولز کے تحت ایم فل، پی ایچ ڈی کے داخلوں اور اسکالرز کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع سمیت شعبہ جات کی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تمام پالیسی ساز اداروں کے بروقت انعقاد اور امتحانات سے نقل کے خاتمہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ملکی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ باہمی سمجھوتوں اور تربیتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر کانفرنسز اور سیمینار کے انعقاد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے وفد کے دورہ بلوچستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جس کے تحت وہ مختلف شعبہ جات کی بہتر کارکردگی اور پیشہ ورانہ رائے دے کر اداروں کو مزید ترقی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔

کیونکہ ایک دوسرے کے تعاون اور اشتراک عمل سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے سمیت جدید تحقیق کے رجحانات کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔ وفد نے جامعہ کے تعلیمی سرگرمیوں کو سرہاتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ جامعہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مین لائبریری کا معائنہ کیا اور اسے ملک کے اہم لائبریریوں میں شمار کرتے ہوئے جامعہ کی ترقی کو صوبے کی ترقی کے لئے اہم کرار دیا۔ آخر میں جامعہ کے وائس چانسر نے مہمانوں میں جامعہ کی طرف سے تحائف پیش کئے اور انکا شکریہ ادا کیا۔