سابق حکمرانوں نے سرکاری سکولوں میں غیر حاضری کا کلچر عام کیا ، کمشن کے لیے ہسپتالوں کی عمارتیں تعمیر کی،محمد عاطف خان

حکومتی پالیسی کے بدولت ایک سال میں ایک لاکھ چار ہزار بچے نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں واپس آئے ہیں،وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 26 مئی 2017 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت غریب عوام کو ہمیشہ غریب رکھنے کے لیے ان کے سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں میں رشوت اور سفارش پر نااہل اور کام چور عملے کو بھرتی کیا ۔سرکاری سکولوں میں غیر حاضری کا کلچر عام کیا او ر کمشن کے لیے ہسپتالوں کی عمارتیں تعمیر کیں لیکن ان کو ڈاکٹروں اور ادویہ سے محروم رکھا ۔

ہماری حکومت نے گذشتہ چار سال کے دوران 66 سال کے اس گند کو صاف کرنے اور اداروں کو بنانے میں صرف کیے جس جے نتیجے میں اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور گذشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ اور چار ہزار بچے نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں واپس آئے ہیں ۔وہ یحییٰ ڈھیری میںایک بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے ضلع کونسل کے رکن شیر بہادر خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس موقع پر علاقے کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔عاطف خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر ریکارڈ 21 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے ۔پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کے طفیل آج علاقے میں کوئی بدمعاش سر نہیں اُٹھا سکتا نہ ہی کوئی کسی سے بھتہ طلب کرسکتا ہے جبکہ اس کے برعکس ماضی کے حکمران سماج دشمن عناصر کی سرپرستی کرتے تھے اور ان کی پشت پناہی کی بدولت یہ لوگ عوام کا جینا دوبھر کردیتے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو پرامن ماحول دینا اور اداروں کو کرپشن سے پاک کرنا ہوتا ہے تاکہ عوام سکھ اور چین سے اپنی زندگی گذار سکیں ۔ پی ٹی آئی کی حکومت ان دونوں مقاصد میں کافی حد تک کامیاب رہی ہے اور عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد ہمارے اس دعویٰ کا بین ثبوت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یونین کونسل بابینی پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور یہاں کے عوام دل سے عمران خان کے ساتھ عقیدت رکھتے ہیں اور انشاء اللہ ہم ان کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔

اس علاقے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کا م ہوئے ہیں اور مزید بھی ہوں گے کیونکہ ترقیاتی فنڈز عوام کی امانت ہیں اور ان ہی کی فلاح وبہبود پر خرچ ہوں گے اور کسی کو ان فنڈز میں ایک پیسے کی بھی ہیرا پھری نہیں کرنے دیں گے کیونکہ پی ٹی آئی انصاف کے نام پر اقتدار میں آئی ہے اور کسی کے ساتھ ہمارے دور میں نا انصافی نہیں ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :