نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے،قمر زمان چوہدری

گذشتہ تین ماہ کے دوران نیب کے پراسیکیوشن کی مجموعی کارکردگی 79 فیصد رہی،چیئرمین نیب کا نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 20:11

نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، گذشتہ تین ماہ کے دوران نیب کے پراسیکیوشن کی مجموعی کارکردگی 79 فیصد رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں نیب کے پراسیکیوشن ڈویژن کی 2017ء میں پہلی سہ ماہی یکم جنوری سے 31 مارچ تک کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن ڈویژن نیب کا اہم ڈویژن ہے جو نیب کے آپریشن ڈویژن اور تمام علاقائی بیوروز، انکوائریوں، انویسٹی گیشن کو قانون کے مطابق نمٹانے کے علاوہ قانونی مشورے فراہم کرنے کے ساتھ متعلقہ احتساب عدالتوں ، ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں نیب کے مقدمات کی پیروی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں پراسیکیوشن ڈویژن میں تجربہ کار لیگل کنسلٹنٹس اور سپیشل پراسیکیوٹرز تعینات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر شہادتوں کو نمٹانے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کے تفصیلی جائزہ اور مستقل مشاورت کے نتیجہ میں کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ پراسیکیوشن ڈویژن کی یکم جنوری 2017ء سے 31 مارچ 2017ء کے دوران احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کی شرح 33.3 فیصد، ہائی کورٹس میں اپیل کی شرح 64.7 فیصد، ہائی کورٹس میں رٹ پٹیشن کی شرح 82.9 فیصد، سپریم کورٹ میں فیصلہ برقرار رکھنے کی شرح 46.8 فیصد اور سپریم کورٹ میں اپیلوں کی شرح 100 فیصد ہے۔

اسی سہ ماہی کے دوران پراسیکیوشن ڈویژن کی مجموعی کارکردگی 79 فیصد رہی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی وقاص قدیر ڈار کی قیادت میں پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء نیب میں اصلاحات کا سال تھا، نیب کے آپریشن، پراسیکیوشن، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور آئینی و تدارک ڈویژن سمیت تمام شعبوں کو فعال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارے میں مزید بہتری کیلئے احتساب کا معیاری اور مقداری نظام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہیڈکوارٹرز میں پراسیکیوشن ڈویژن اور تمام علاقائی بیوروز کی مجموعی کارکردگی بہترین ہے اور اس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے تمام پراسیکیوشن ونگز اور علاقائی بیوروز کے درمیان موثر اور مربوط روابط رکھنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر کو آرڈیننس پراسیکیوشن ڈویژن محمد رفیع کی کارکردگی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :