ڈپٹی کمشنر چارسدہ کی مبینہ کرپشن کے حوالے سے ضلع ناظم کی سر براہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

جمعہ 26 مئی 2017 20:04

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر چارسدہ کی مبینہ کرپشن کے حوالے سے ضلع ناظم کی سر براہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور چارسدہ پریس کلب کے صدر شامل ۔ کمیٹی 15روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ صوبائی حکومت اور جماعت اسلامی کو پیش کریگی۔ حساس اداروں کے نام پر صحافیوں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کو دھمکیاں دینے کی مذمت ۔

جماعت اسلامی یوتھ نے دھرنا 15روز کیلئے مئوخر کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی یوتھ کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر چارسدہ طاہر ظفر عباسی کے مبینہ کرپشن کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی دھرناجاری رہا ۔ دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں ، تاجروں ، صحافیوں اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے بھر پور شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دھرنے میں ضلعی ناظم اعلی فہدر یاض خان اور نائب ناظم اعلی حاجی مصور شاہ نے بھی شرکت کی۔

دھرنے سے خطاب کر تے ہوئے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر اور جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر مجیب الرحمان ایڈو کیٹ، جے آئی یوتھ کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہارون خان اور ضلعی جنرل سیکرٹری نوید خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ایک کرپٹ شحص ہے مگر ایک حساس ادارے کے نام پر صحافیوں کو ڈپٹی کمشنر کے خلاف کوریج سے زبر دستی روکا جا رہا ہے اور باقاعدہ صحافیوں اور جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنوں کو حساس اداروں کی طر ف سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہے جس سے فوج کی بے تو قیری ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صحافیوں اور جماعت اسلامی یوتھ کے کسی کارکن کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار ڈپٹی کمشنر اور حساس ادارے کے لو گ ہونگے ۔ بعد ازاں قائم مقام ڈپٹی کمشنر نور ولی خان ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد خان اور ضلع ناظم فہدریاض خان نے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ریاض خان ،سابق امیر مصباح اللہ ، نائب امیر مجیب الرحمان ایڈو کیٹ اور ضلعی جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان درانی سے مذاکرات کئے ۔

مذاکرات کے بعد جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ریاض ، ضلعی ناظم اعلی فہد ریاض اور مجیب الرحمان ایڈو کیٹ نے احتجاجی دھرنا میں اعلان کیا کہ ڈپٹی کمشنر کے مبینہ کرپشن کے خلاف ضلع ناظم فہد ریاض خان ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد خان اور چارسدہ پریس کلب کے صدر سبزعلی خان ترین پر مشتمل تین رکنی کمیٹی 15روز کے اندر تحقیقاتی رپورٹ صوبائی حکومت اور جماعت اسلامی کے ذمہ داروں کو پیش کریگی ۔

اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے محمد ریاض خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف جدو جہد کر رہی ہے ۔ کرپشن اور دیگر عوامی ایشوز کے حوالے سے تحریکوں میں جماعت اسلامی کے کئی کارکن شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ ہزاروں کارکن زخمی ہو ئے ہیں۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کو کرپشن فری پاکستان میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ جماعت اسلامی یوتھ نے چارسدہ کے سب سے بڑے آفیسر کے خلاف تحریک شروع کرکے دیگر سیاسی پارٹیوں کیلئے مثا ل قائم کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :