جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح پر انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کرنے کے باعث آج بھارت دفاعی پوزیشن پر آگیا ہے، سلطان محمود چودھری

بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کررہا ہے،مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، تقریب سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 18:00

کیتھلی/ اسٹوک آن ٹرنٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو سفارتی سطح انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کیا ہے۔ جسکی وجہ سے آج بھارت دفاعی پوزیشن پر آگیا ہے اوربوکھلاہٹ کا شکار ہو کر لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور یہاں تک کہ مبصرین پر بھی فائرنگ کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم و بربریت کے پہاڑڈھا رہا ہے۔

دنیا اب بھارت کے عزائم سمجھ چکی ہے اور بھارت کامکروہ چہرہ اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں کیتھلے میں برطانوی پارلیمنٹ کے رکن مسٹر گورگن(Gorgan) کی انتخابی مہم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس کی صدارت بریڈ فور کے لارڈ مئیر چوہدری عابد نے کی جبکہ اس موقع پردیگر کونسلرزنے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہاں پر ہماری کمیونٹی کے لئے مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں چاہے امیگریشن ہو یا یونیورسٹی کی فیسوں کا معاملہ ہو یہاں تک کہ اب پاکستان سے کوئی طالب علم یہاں پر تعلیم کے لئے بھی آتا ہو تو اسکی فیسوں میں چار گنا اضافہ کر دیا گیا۔جس سے یہاں پر تعلیم حاصل کرنا دشوار ہو گیا ہے۔لہذا یہاں پر مقیم کشمیری لیبر پارٹی کو ووٹ دیں اور لیبر پارٹی کے امیدوار گورگن کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔

بعد ازاں اسٹوک آن ٹرنٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنماء چوہدری افسر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست اب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو چکی ہے اور اگر اسمیں ذرا سی بھی غیرت اور اخلاقی جر اء ت ہوتی تو وہ استعفی دے دیتا یہ ایسا وزیر اعظم ہے جو ڈھٹائی سے اقتدار پر ڈٹا ہوا ہے۔

عدالت اب ایسا فیصلہ دے گی کہ یہ اب نواز شریف اقتدار میں نہیں رہ سکے گا اور اسکے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی اسکے چیلے چانٹے نہیں رہیں گے۔عمران خان ایک بڑے لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیںاور پی ٹی آئی اس وقت وفاق کی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسٹوک آن ٹرنٹ میں چوہدری افسر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ زرداری اور پیپلز پارٹی نواز شریف کی بی ٹیم بن چکے ہیں اور پنجاب سے ویسے ہی پیپلز پارٹی کا صفایا ہو چکا ہے اور عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔عوام اس دفعہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں گے اور عمران خان وزیر اعظم بن کرملک کو درپیش چیلنجز سے نکالیں گے۔