ڈاؤلینس کی جانب سے’BE Reliable Recycle ‘ مہم کا آغاز

جمعہ 26 مئی 2017 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء)پاکستان کے ممتاز ہوم ایپلائنسز بنانے والے ادارے، ڈاؤلینس نے ’’BE Reliable Recycle‘‘ کے عنوان سے ایک ماحول دوست مہم کا آغاز کیا ہے ۔اس سلسلے میں ایس او ایس چلڈرنز ولیج کو ری سائیکل کی گئی اشیاء تقسیم کی گئیں جن کا مقصد اپنے وسائل کو ری سائیکل کرنے اور دوبارہ استعمال کے حوالے سے پیغام کو فروغ دینا اور دیگر افراد کو ماحول کے بارے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

’’BE Reliable Recycle‘‘ مہم کے تحت ڈاؤلینس نے بچوں میں ری سائیکل کی ہوئی اشیاء تقسیم کیں جن میں اسٹیشنری باکس،کوڑا دان، ریفریجریٹر کے کارٹن سے تیار کردہ گارڈ روم اور بینچ شامل ہیں جو موسم گرما میں بچوں کو جھلسا دینے والی گرمی سے تحفظ فراہم کرے گی۔موجودہ وسائل کو دوبارہ استعمال کرنے اور ری سائیکل کرنے کے بنیادی پیغام کو پھیلانے کی غرض سے ڈاؤلینس ماضی میں بھی مختلف سرگرمیاں کرتا رہا ہے تاکہ محدود وسائل مثلاتوانائی، شجرکاری، پانی وغیرہ کو محفوظ کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ادارہ کے ایسے ہی اقدامات میں سے ایک اقدام اپنے کارٹنز کو ری سائیکل کرنا ہے جس سے نہ صرف یہ کہ ری سائیکلنگ کے تصور کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے ماحول کو بھی مزید پائیدار بنانے میں مدد ملے گی اور ہر شہری کے لیے بہتر رہائشی حالات مہیا ہو سکیں گے۔اس موقع پر ڈاؤلینس کے جنرل منیجر حسن جمیل نے کہا،’’کسی بھی مثبت تاثر کو پہنچانے کے لیے طویل المیعاد کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ایک پائیدار تبدیلی کوحقیقت بنایا جا سکے۔

اس مہم کو سرانجام دینے کے لیے ہم نے اپنے ملازمین کو بھی شامل کیا تاکہ اپنے اطراف میں بسنے والی کمیونیٹیز کے سبززاروں کو محفوظ کر کے اپنے عزم کا اظہار کر سکیں۔ہمار اسب سے ااہم پیغام ماحول کا تحفظ اور ان لوگوں کی زندگی کو بہتر بناناہے جو زندگی کی متعدد بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ڈاؤلینس کی ٹیم نے بچوں میں اسٹیشنری باکس تقسیم کیے اور ری سائیکلنگ کی اہمیت پر بات کی اور انہیں پائیدار صحت بخش ماحول کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد فراہم کی۔

اپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی سرگرمیوں کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے ڈاؤلینس نے دو واشنگ مشینیں بھی ایس او ایس چلڈرنز ولیج کو عطیہ کی ہیں جو بچوں کو صاف ترین ماحول کی فراہمی کے لیے ڈاؤلینس کے عزم کی مطابقت میں ہے۔گھریلو آلات کے انتخاب کے موقع پر ڈاؤلینس صارفین کے لیے انتہائی قابل بھروسہ برانڈرہا ہے اور اس نوعیت کے اقدامات کے ساتھ یہ لاکھوں لوگوں کی زندگی کو، اور خاص طور پر کم مراعات یافتہ لوگوں کی زندگی کو بہتر بنارہا ہے۔