گورنر سندھ نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تیسرے مرحلے میں ڈائو یونیورسٹی میں ایک ہزار لیپ ٹاپ کی تقسیم کئے

جمعہ 26 مئی 2017 16:48

گورنر سندھ نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تیسرے مرحلے میں ڈائو یونیورسٹی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) گورنر سندھ اور چانسلر، ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز محمد زبیر نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تیسرے مرحلے میں ڈائو یونیورسٹی میں ایک ہزار سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ تقریب تقسیم ِ لیپ ٹاپ ڈائو میڈیکل کالج کے معین آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے فیکلٹی اراکین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

جمعہ کو ڈائو یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی جدید تعلیم اور معلومات کے حصول میں بہت اہمیت رکھتی ہے، لیپ ٹاپ اس مقصد کے حصول میں اہم ذریعہ ہے اور ہر طالب علم کی ضرورت بھی۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تحقیق پر مبنی جدید ترین تعلیم کا لازم جزو ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں اس کی بہت اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد ہونہار طالب علموں کو ان کی تعلیم میں مدد دینا ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ لیپ ٹاپ اسکیم طلبہ کے لئے جدید تعلیم کے حصول میں بہت مدد گارثابت ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی اُمید ظاہر کی کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ اس کی مدد سے اپنے شعبے میں بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور اپنے شعبے میں مہارت حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی کے اس دور میں ہم نے محسوس کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کواپنائے بغیر تعلیم حاصل کرنا ناممکن ہے۔ گورنر سندھ نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ مزید طلبہ اس پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے جدید تعلیم حاصل کریں تاکہ اس کے تقسیم کا مقصد حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائو یونیورسٹی طبی تعلیم کا عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ ہے۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر آف ڈائو یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی نے اپنے خطاب میں گورنر سندھ اور چانسلر آف ڈائو یونیورسٹی کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ذمہ داری کو اہم سمجھا اور طلبہ کی بڑی تعداد اس سے مستفید ہوئے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے یونیورسٹی کو دی جانے والی گرانٹ اور مہیا کی جانے والی سہولیات کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کراچی کے ڈائریکٹر جاوید میمن نے بتایا کہ ایچ ای سی نے پہلے مرحلے میں سندھ میں 23000 لیپ ٹاپ تقسیم کئے جبکہ دوسرے مرحلے میں 13000 اور تیسرے مرحلے میں 15000 لیپ ٹاپ تقسیم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی ملک میں اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور اسے اپنے تحقیقی مقاصد کے استعمال کرنے پر زور دیا۔ آخر میں ڈائو یونیورسٹی کی پروفیسر رملہ ناز نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :