انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ڈویژن کے منصوبوں کے لئے 811.788ملین روپے مختص

12جاری منصوبوں کے لئے 174.788ملین روپے ، 15نئے منصوبوں کے لئے 637ملین روپے مختص کئے گئے

جمعہ 26 مئی 2017 16:13

انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ڈویژن کے  منصوبوں کے لئے 811.788ملین روپے مختص
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) وفاقی حکومت نے مالی سال 2017-18ء کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ڈویژن کے جاری اور نئے منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 811.788ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 12جاری منصوبوں کے لئے 174.788ملین روپے جبکہ 15نئے منصوبوں کے لئے 637ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

نئے منصوبوں میں چینل رینکنگ اینڈ ڈیٹا سنٹر‘ نیشنل فلم اکیڈمی کے قیام‘ صوت القرآن ایف ایم‘ پی ٹی وی کے لئے نئے کیمرے اور آلات کی خریداری اور ملتان ریڈیو سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2017-18 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ڈویژن کے جاری منصوبوں جن میں پاکستانی ڈراموں کی غیر ملکی زبانوں میں ڈبنگ‘ ری براڈ کاسٹ سٹیشن نیلم ویلی کے قیام‘ بارکھان بلوچستان میں ری براڈ کاسٹ سٹیشن کے قیام‘ دھدنیال آزاد کشمیر میں ری براڈ کاسٹ سٹیشن کے قیام اور پی این سی اے کے سکیورٹی نظام کی اپ گریڈیشن و دیگر جاری منصوبوں کے لئے 174.788ملین مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2017-18 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ ڈویژن کے پندرہ نئے منصوبوں جن میں چینل رینکنگ اینڈ ڈیٹا سنٹر کے قیام‘ نیشنل فلم اکیڈمی کے قیام‘ پیمرا کو مزید مضبوط بنانے ‘ میڈیا کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ‘ پی ٹی وی کے لئے جدید آلات اور نئے کیمروں کی خریداری‘ خیبر پختونخوا میں ری براڈ کاسٹ سٹیشن کے قیام‘ پی ٹی وی اکیڈمی میں سٹوڈیو اور کنٹرول روم کے آلات کی تبدیلی‘ میرپور میں میڈیم ویو ٹرانسمیٹرز کی تبدیلی‘ اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں پی ٹی وی سنٹرز کی سکیورٹی اور خبروں کی ترسیلات کے جدید نظام کے قیام کے لئے پی ٹی وی نیوز کی ٹرانسمیشن اور پروڈکشن کی اپ گریڈیشن ‘ ملتان ریڈیو سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے 637ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔