پہلی پاکستانی سیاح خاتون موٹر سائیکل پر خیبر پختونخواہ کے مختلف سیاحتی مقامات کا22 رو زہ سفر مکمل کرکے واپس پہنچ گئیں

موجودہ حالات خیبر پختونخواہ سیاحت کیلئے انتہائی موزوں ہیں اور ان علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں‘گل افشاں طارق

جمعہ 26 مئی 2017 16:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء)پہلی پاکستانی سیاح خاتون گل افشاں طارق موٹر سائیکل پر خیبر پختونخواہ کے مختلف سیاحتی مقامات کا22 رو زہ سفر مکمل کرکے واپس پہنچ گئیں۔ چوہدری عبدالغفور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم کے خصوصی احکامات پر گل آفشاں کے اس سیاحتی سفر کے تمام تر انتظامات پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے کیے۔

سفر کے اختتام پر گل افشاں نے اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ فروغِ سیاحت کے سلسلے میں یوں تو پورا پاکستان سیاحت کے حوالے سے بہت خوبصورت ہے۔ جس میں سیاحوں کیلئے بے پناہ سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ جس میں دنیا کے بلند و بالا پہاڑی سلسلے میں دنیا کی 14 اہم چوٹیوں میں سے 5 بلند ترین پہاڑ پاکستان میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جن میں کے ٹو دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ ہے۔ خوبصورت وادیاں جن میںمالم جبہ، میاندم، کالام، ناران ، شوگراں، سری پائے، بابوسر ٹاپ، چترال، کیلاش، بونی، مستوج،شندور واقع ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بدھ مت کے قدیم آثار گندھارا جو پورے خیبر پختونخواہ بلخصوص وادی سوات کے کئی مقامات پر گندھارا Civilization کے آثارقدیمہ موجود ہیں۔ موجودہ حالات خیبر پختونخواہ سیاحت کیلئے انتہائی موزوں ہیں اور ان علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

پاکستان کی بہادر دخترگل افشاںطارق نے پورے خیبر پختونخواہ میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے کا پروگرام بنایا جو کہ 22دنوں پر محیط تھا۔ اپنے سفر کا آغاز 6 مئی کو اسلام آباد سے کیا اور اس سفر کے دوران انہوں پختونخواہ کے کئی مقامات جن میں دیر، چترال، مستوج، بمبوریت، سیدوشریف، مالم جبہ، کالام، بیشام، بالاکوٹ، شوگراں، ناران، بابوسر، ہری پور اور پشاورکا دورہ کہا۔

وہ دنیا کو یہ بتانا چاہتی ہیں کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے جس میں ایک خاتون موٹر سائیکل پر تن تنہا بے خوفی سے سیر و سیاحت کیلئے سفر کر سکتی ہیں۔ گل افشان نے کہا کہ ان کے اس سیاحتی سفر کے تمام تر انتظامات پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے کیے جس کے لئے وہ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور کی بے حد مشکور ہیں۔

اس اقدام سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوگا بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاح پاکستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کریں گے جس سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر پی ٹی ڈی سی کے منیجر پبلسٹی مختار علی نے کہا کہ ہمارا ادارہ ملک میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور اس بہادر خاتون کا یہ سفر خوش آئند ہے ۔ اس سفر نے یہ پیغام دیا ہے کہ تمام ملک خصوصاً خیبر پختونخواہ سیاحوں کیلئے نہایت پرامن ہے اور سیاحوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ سیاحت کی ترویج کیلئے پی ٹی ڈی سی مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتی رہے گی۔