وزیر اعلیٰ پنجاب کے غربت مکائو پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں ، عائشہ غوث پاشا

جمعہ 26 مئی 2017 16:01

وزیر اعلیٰ پنجاب کے غربت مکائو پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات ..
شیخوپورہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) صوبائی وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ پنجابمحمد شہباز شریف کی طرف سے پنجاب سوشل اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے خصوصی افراد کو خود کفیل بنانے کے لیے جو پروگرام وضع کیے تھے آج اُن کی تعمیل ہو رہی ہے ۔خصوصی افراد کو خدمت کا رڈ اور خواتین کی خود انصاری اور بااختیاری کے لیے اُنہیں دودھ دینے والے مویشیوں کی منتقلی غربت سکیم میں مجموعی طور پر کمی کا با عث ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے کیٹل مارکیٹ شیخوپورہ میں لائیو سٹاک کے زیر اہتمام مختلف پروڈکٹ اور سٹالوں کا دورہ کرنے کے بعد معذور خواتین میں بھینسیں اور گائیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پہلے تو خصوصی افراد کی امداد کے لیے خدمت کارڈ کے ذریعہ ماہانہ وظائف کا اجراء کیا۔جس کے تحت ہر خصوصی فرد کو ماہانہ 1200وظیفہ مل رہا ہے اور خصوصی افراد کسی سخت معذوری کی وجہ سے کام کرنے کے قابل نہیں اُنہیں یہ مالی امداد غیر مشروط طور مستقلا ملتی رہے گی لیکن وہ خصوصی افراد جو کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیںاُنہیں حکومت خود انحصاری اور خود کفالت کی پیش نظر با اختیار بنانے کے لیے شہری علاقوں کے خصوصی افراد کے لیے پنجاب سمال انڈسٹری کے اشتراک سے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بلا سود قرضے دے رہی ہے تاکہ وہ اپنا روزگار خود کما سکیں ۔

اسی طرح دیہی علاقوں کے خصوصی افراد میں خواتین کے لیے دودھ دینے والے مویشیوں کے اقدامات کیے گئے ہیں ۔آزمائشی طور پر 600ملین کی خطیر رقم سے 2500کے لگ بھگ دودھ دینے والی بھینسوں اور گائیوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ ہماری دیہی خصوصی خواتین کا دوسروں پر انحصار ختم ہو اور دودھ اور دودھ سے بننے والی دوسری مصنوعات سے عزت کی روٹی کما سکیںاور پورے وقار سے جینے کے علاوہ معاشرے کی مفید رکن بنیں۔

اُنہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے دودھ اور ڈیری سے متعلقہ کاروبار میں رفتہ رفتہ اپنا مقام بنائیں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے دودھ اور اس سے حاصل ہونے والی پیدوار بڑھا کر ملکی معیشت اور حکومت کو مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ آنے والا بجٹ عوام دوست بجٹ ہو گا ۔ زراعت ، تعلیم، اور ہیلتھ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور انشاء اللہ تعالی پنجاب کا بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا ۔

پروگرام کے اختتام پر لائیو سٹاک کے افسران اور دیگر افسران کو کامیاب نمائش کے انعقاد اور مویشیوں کے تقسیم کرنے کے پروگرام پر مبارک باد دی اوراُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی مویشیوں کی تقسیم کے لیے میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے غربت مکائو پروگرام کو عملی جامہ پہنائیں ۔

متعلقہ عنوان :