کپاس کے کاشتکار پہلی آبپاشی مقررہ وقت پر یقینی بنائیں،زرعی ماہرین

جمعہ 26 مئی 2017 15:45

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) کپاس کے کاشتکاروں کو لائنو ں میں بی ٹی اقسام کی کاشت کے بعد پہلی آبپاشی 30سے 35دن کے وقفہ سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار پہلی آبپاشی مقررہ وقت پر یقینی بنائیں جبکہ بقیہ آبپاشیاں 12 سی15 دن کے وقفہ سے کی جائیں تاہم پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پودے کو پانی کی کمی نہیں ہونے دینی چاہیے اور ہر 6 سی9دن کے وقفہ سے پانی لگاتے رہنا چاہیے تاکہ پودے کو پانی کی کمی کی علامات سے بچایاجاسکے۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ ڈرل سے لائنوںمیں کاشت کی گئی روائتی چھوٹے قد والی کپاس کی اقسام کو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے 40دن اور لمبے قد والی کپاس کی اقسام کو 40 سے 50دن اور اس کے بعد ہر آبپاشی 12 سے 15 دن کے وقفہ سے کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بی ٹی اقسام کیلئے بوائی کے بعد نائٹروجنی کھاد کا چھٹا حصہ 30سی35دن بعد جبکہ باقی ماندہ نائٹروجن کھاد ایک پانی چھوڑ کر اگلے پانی پر ڈالنی چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ روائتی اقسام کیلئے بوائی کے بعد نائٹروجن کھاد کابقیہ تیسرا حصہ ڈوڈیاں بننے پر اور باقی ماندہ نائٹروجن پھول شروع ہونے پر استعمال کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ کھیتوں میں اور ارد گرد پائی جانیوالی سفید مکھی ، ملی بگ اور لیف کرل وائرس کے میزبان پودوں کا کام دینے والی جڑی بوٹیاں بھی بروقت تلف کردینی چاہئیں تاکہ کپاس کی فصل کو نقصان نہ پہنچ سکے۔