تمام شہروں میںروزانہ رمضان بازار لگانے کی ہدایت

جمعہ 26 مئی 2017 15:45

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء)حکومت پنجاب نے متوقع طور پر۱ٓج سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے دورا ن معمول کے جمعہ و اتوار بازاروں سمیت روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازار لگانے کی ہدایت کی ہے اور تمام ڈویژنل کمشنر ز ،ڈپٹی کمشنرز ، چیئر مینز و ایڈمنسٹریٹرز مارکیٹ کمیٹیوں کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام شہروں کے مرکزی مقامات پر رمضان المبارک کے دوران سستے بازار لگانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جہاں چینی ، آٹے ، گھی ، چاول ، دالوں ، سبزیوں ،گوشت، پھلوں سمیت تمام معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں پر مہیا کی جائیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتا یا کہ تمام پرائس مجسٹریٹوں کو بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ ماہ صیام کے دوران روزانہ رمضان بازاروں اور دیگر مارکیٹوں کی اچانک چیکنگ کریں تاکہ ناجائز منافع خوری ، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ انہوںنے بتا یا کہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ رمضان بازاروں میں اپنے مستقل کیمپ قائم کرنے کیلئے اقدامات کر یں تاکہ کسی بھی شکائت کی صورت میں صارفین ان سے فوری رابطہ اور تدارک کیلئے اقدامات کر سکیں۔