ایف آئی اے کو آٹھ قطر انچ کی گیس لائن سے کنکشن حاصل کرنے والے سی این جی مالکان کے خلاف درخواست موصول ہو گئی

جمعہ 26 مئی 2017 14:55

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) مانسہرہ میں آٹھ قطر انچ کی گیس لائن سے کنکشن حاصل کرنے والے سی این جی مالکان کے خلاف درخواست ایف آئی اے کو موصول ہو گئی ہے، ملوث اہلکاروں سمیت سی این جی مالکان کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مانسہرہ کے 24 سے زائد سی این جی مالکان نے غیر قانونی طور پر محکمہ سوئی گیس کے اہلکاروں سے ملی بھگت کر کے چار انچ کی بجائے آٹھ انچ قطر لائن سے غیر قانونی طور پر گیس کے کنکشن حاصل کر لئے تھے جسے موسم سرما کے دوران شہریوں کو سخت گیس بحران کا سامنا کرنا پڑا۔

اس غیر قانونی دھندہ سے سرکاری خزانہ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچا۔ لاہور سے آنے والی چھاپہ مار ٹیم کی جانب سے پکڑے گئے سی این جی سٹیشنوں کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد بعض نے حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا جو خارج ہو چکا ہے جبکہ بعض نے ابھی حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس غیر قانونی دھندے میں ملوث سی این جی مالکان اور محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف نیب کو درخواست موصول ہو چکی ہے جس کی چھان بین کے بعد کارروائی متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :