نواز حکومت کے ترقی کے تمام بلندوبانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہو ئے ہیں‘ یاسمین راشد

جمعہ 26 مئی 2017 14:36

نواز حکومت کے ترقی کے تمام بلندوبانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہو ئے ہیں‘ یاسمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف پروفیشنلزفورم کی چیئر پرسن ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز حکومت کے ترقی کے تمام بلندوبانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہو ئے ہیں ،غربت ، مہنگائی اور بے روز گاری میںخطرناک حد تک اضافہ ہو گیاہے ، حکمران انسانوں پر پیسے خرچ کرنے کے بجائے سڑکوں، پلوں اور رنگ برنگی لال پیلی ٹرینوں پر خرچ کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ فارن کرنسی نوٹوں کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو شدیدنقصان پہنچ رہا ہے رہی سہی کسر ہنڈی کاکاروبار کرنے والوں نے پوری کردی ہے، جب حکمران خود غیر قانونی طورپر اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کریں گے تو اس گھنائونے کاروبار میں ملوث افراد کو کیسے لگام ڈالی جاسکتی ہے۔یہ غیر قانونی دھندا اوپر سے لے کر نیچے تک ملی بھگت سے ہورہا ہے اور کرپٹ حکمرانوں سمیت کوئی بھی نہیں چاہتا کہ یہ بند ہو۔

(جاری ہے)

ذاتی مفادات کومدنظر رکھنے والے حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام کااعتماد ان پر سے اٹھ چکا ہے۔ملکی معیشت زبوں حالی کاشکا ر ہے۔سودی نظام معیشت نے ملک وقوم کو جکڑ رکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومتی ساری مشینری شریف خاندان کے چوری کے مال کو بچانے پر لگی ہوئی ہے عوامی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ملاوٹ وغیر معیاری اشیاء کی تیاری و فروخت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔

ملاوٹ‘ غیرمعیاری اشیاء کی تیاری و فروخت کیساتھ ساتھ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف قانون سازی بہت ضروری ہے مصالحہ جات میں ملاوٹ‘ دودھ میں ملاوٹ‘ ‘غیر معیاری گھی‘ زہریلے کنفیکشنری آئٹم غرض کہ بچوں‘ بڑوں اور بوڑھوں کے استعمال کی ہر چیز غیر معیاری اور زہر آلودہ ہے۔ جبکہ حکومت کی دلچسپی ‘ بیانات اور عملی اقدامات صرف اور صرف اپنے اختیارات میں اضافے پرمرکوز ہے۔

متعلقہ عنوان :