پی اے آر سی کے سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت پارسا کی حلف برداری تقریب کا انعقاد

ملک کوزراعت میں خود کفیل بنانے میں ہمارے زرعی سائنسدانوں کا اہم رول ہے،وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سکندر حیات خان بوسن کا تقریب سے خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 14:36

پی اے آر سی کے سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت پارسا کی حلف برداری تقریب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سکندر حیات خان بوسن نے کہا کہ ملک کوزراعت میں خود کفیل بنانے میں ہمارے زرعی سائنسدانوں کا اہم رول ہے،اس سال ملک میں اہم غذائی فصلات کی بمپر پیداوار ہوئی ہے جس میں ہمارے کسانوں کی محنت اور سائنسدانوں کی کاوش شامل ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے ملک اہم غذا ئی اجناس میں نہ صرف خود کفیل ہوا ہے بلکہ ملکی زرعی بر آمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔

وہ این اے آر سی میں سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت (پارسا) کی تقریبِ حلف برداری کے موقع پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت (پارسا) سے حلف لیتے ہوئے نو منتخب امیدواران کو مبارکباد پیش کرتا ہوںاور اب آپ سب پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ سب تمام ذات، برادری، لسانیت اور گروہی تعصبات سے بالا تر ہو کر اپنے فرائض سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

اللہ تعالی آپ کی رہنمائی فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ میں خود اور وزارت خوراک و تحقیق آپکے ادارے سے بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے تحفظ خوراک و تحقیق اور قائمہ کمیٹی برائے سینٹ بھی PARCاور NARC کے مسائل حل کرنے کے لیے بہت کام کر رہی ہیںاور تحقیق کے کاموں کے لیے حکومت سے زیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ زرعی سائنسدان اور ملازمین پہلے سے زیادہ جانفشانی سے کام کریں کیونکہ مستقبل میں خوراک کے تحفظ کے حوالے سے بڑے چیلنجز در پیش ہیں۔ ہمارے ملک کے کسان بھائی جن کو میں بے زبان مخلوق کہتا ہوں آپ سب کی طرف دیکھ رہے ہیںکہ ہمارے ملک کے زرعی سائنسدان زراعت کی پیداوار کی بڑھوتی کے لیے نت نئی ایجادات متعارف کرائیں جس سے ہمارا ملک خوراک کے میدان میں خود کفیل ہواور ہم کسان بھی خوشحال ہوں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پی اے آر سی ڈاکٹر یوسف ظفر(تمغہ امتیاز) نے نو منتخب امیدواران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ ہر قسم کی تفریق سے بالا تر ہو کر دلی لگن سے ادارے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔ اس سلسلے میں چئیرمین پی اے آر سی نے PARSA کو تعاون کا یقین دلایا اور چند اہم مسائل کی جانب توجہ دلائی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ روایتی انداز میں کام کرنے کی بجائے نئے دور کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں ،دفتری اوقات کار کی پابندی کریںاور انتھک محنت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ٹیکنیکل اور سائنٹیفک ادارے سے تعلق رکھتے ہیں۔ اور ہمیں شام 4 بجے گھڑی دیکھنے کی بجائے ہر وقت ہمہ تن گوش ہو کر ملک اور ادارے کی بہتری اور زراعت کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ اس طرح کرنے سے ہی ہم اپنے احداف کو حاصل کر سکتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دے سکتے ہیں۔سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت (پارسا) کے نو منتخب صدرتاج نصیب خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ میں وفاقی وزیر ،سکندر حیات بوسن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کی اور زراعت کی ترقی اور بالخصوص پی اے آر سی کی بہتری کے لیے خصوصی توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ میں پارسا کی جانب سے چئیرمین پی اے آر سی کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتا ہوںاور ایسے عناصر جو کہ ادارے کی بدنامی کا سبب ہیں انکو دور کرنے میں پارسا آپ کے ساتھ ہے۔ پارسا کے نو منتخب صدر نے اعلی عہدیداران کے سامنے کونسل اورملازمین کی بہتری کے لیے کئی مطالبات رکھے جن کی تکمیل کے لیے چئیرمین پی اے آر سی نے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب کے آخر میں سائنسدانوں کی نمائندہ جماعت (پارسا) کے نو منتخب جنرل سیکرٹری عزیز اللہ شاہ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر آج کی اس تقریب کو رونق بخشی ۔ ساتھ ہی ساتھیہ بھی پیغام دیا کہ پی اے آر سی کے دفتری امور کو چلانے کے لیے جو فنڈز درکار تھے حکومت نے ان کی بھی اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی اے آر سی کی انتطامیہ اور ملازمین کے تعاون سے پہلے سے بھی زیادہ محنت اور لگن سے کام کریں گے تا کہ ملک کو خوراک میں خود کفیل بنایا جا سکے ۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر تمام معزز مہمانان ،کونسل کے اعلی عہدیداران اور ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :