اسلام آباد ، کسان اتحاد کے احتجاجی مظاہرے میں پتھراؤ، آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال

متعدد پولیس افسران اور اہلکار زخمی ، 180مظاہرین گرفتار ، ریڈ زون میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ٹھنڈے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں کو کیا معلوم ہے کہ کسان کے گھروں میں آگ لگی ہوئی ہے، بجٹ پیش کیا جارہا ہے مگر کسان سڑکوں پر مظاہرے کررہے ہیں، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا خطاب

جمعہ 26 مئی 2017 14:34

اسلام آباد ، کسان اتحاد کے احتجاجی مظاہرے میں پتھراؤ، آنسو گیس اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) اسلام آباد میں پاکستان کسان اتحاد کے احتجاجی مظاہرے میں پتھراؤ، آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال ، متعدد پولیس افسران اور اہلکار زخمی ، پولیس نے ایک سو اسی مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔جمعہ کے روز جب وفاقی بجٹ پیش کیا جانا تھا تو پاکستان کسان اتحاد کے سینکڑوں مظاہرین اچانک ڈی چوک پہنچ گئے۔

سڑک بلاک کرکے نعرے بازی شروع کردی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں اور کھاد میں سبسڈی جائے اور ایک گھنٹے میں وزیر اعظم سے ملاقات کرائی جائے۔ مظاہرین سے کوئی حکومتی نمائندہ تو ملنے نہ آیا تاہم قائد حزب اختلاف خورشید شاہ پہنچ گئے اور اپنے خطاب میں کہا کہ ٹھنڈے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں کو کیا معلوم ہے کہ کسان کے گھروں میں آگ لگی ہوئی ہے، بجٹ پیش کیا جارہا ہے مگر کسان سڑکوں پر مظاہرے کررہے ہیں، مظاہرے کے دوران چند افراد نے ٹریفک سگنل توڑ ڈالا جس پر پولیس حرکت میں آئی ،آنسو گیس اور واٹر کینن سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو شرکا نے پتھرا شروع کردیا جس کے بعد پورا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

(جاری ہے)

پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی چلتی رہی۔ پتھرا ؤکے نتیجے میں ڈی ایس پی ادریس راٹھور ، ڈی ایس پی حسین لاسی اور انسپکٹر ستار شاہ سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے ایک سو اسی مظاہرین کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں انھیں بند کردیا جبکہ بجٹ کے دوران مزید کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے ریڈ زون اور ارد گرد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔