پاک بھارت کرکٹ بورڈ حکام پیر کو دبئی میں ملاقات کریں گے

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی بحالی، پاکستان کے لیگل نوٹس اور زرتلافی پرمذاکرات ہوں گے، معاملہ حل نہ ہونے پر آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی فیصلہ کرے گی

جمعہ 26 مئی 2017 14:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) پاک بھارت کرکٹ بورڈ حکام پیر کو دبئی میں ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی بحالی، پاکستان کے لیگل نوٹس اور زرتلافی پرمذاکرات ہوں گے۔ معاملہ حل نہ ہونے پر آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2014 میں پاکستان سے 8 سال میں 6 سیریز کا معاہدہ کیاتھا، لیکن معاہدے کے مطابق اب تک کوئی سیریز نہیں کھیلی گئی۔

پی سی بی نے 3 مئی کو بی سی سی آئی کولیگل نوٹس بھیجا تھا جس میں 2 سیریز کے نہ ہونے سے نقصان تلافی کیلئے 60 لاکھ ڈالرز کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت سے 2013 سیریز کے بقیہ 3 اوڈی آئیز پاکستان یا نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی بورڈ کے موقف کے مطابق ایم او یو باقاعدہ معاہدہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان دبئی میں پیر 29 مئی کومذاکرات کا امکان ہے جس میں پی سی بی کی نمائندگی چیئرمین شہریارخان، نجم سیٹھی اور سبحان احمد کریں گے۔

جبکہ بھارتی بورڈ وفد کے سربراہ سی اے کھنہ ہوں گے۔ ملاقات میں دونوں بورڈز پاک بھارت سیریز کی بحالی اور پاکستان کو زرتلافی کی ادائیگی پر مذاکرات کریں گے۔ ناکام ہونے پر مذاکرات کا دوسرا دور آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کی موجودگی میں ہوگا۔ اس میں معاملات طے پاسکے تو تنازع آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا، جوتنازع کا فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :