بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے غلطی سے واہگہ بارڈر پار کرنے والے پاکستانی نوجوان کو حراست میں لے لیا

بارڈر کراس کرنے والے 20 سالہ نوجوان کا نام عبداللہ ہے اور اس کا تعلق سوات سے ہے ،ْ ذرائع

جمعہ 26 مئی 2017 13:26

بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے غلطی سے واہگہ بارڈر پار کرنے والے پاکستانی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے غلطی سے واہگہ بارڈر پار کرنے والے پاکستانی نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے کا شوقین پاکستانی نوجوان غلطی سے بارڈر پار کرگیا جسے بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا پنجاب رینجرز کے مطابق بارڈر کراس کرنے والے 20 سالہ نوجوان کا نام عبداللہ ہے اور اس کا تعلق سوات سے ہے اور اکیلا ہی سوات سے پریڈ دیکھنے لاہور آیا تھا۔

(جاری ہے)

رینجرز ترجمان کے مطابق نوجوان پریڈ شروع ہونے سے پہلے ہی واہگہ بارڈر پہنچ چکا تھا اور اس کی حرکتوں سے لگتا ہے کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ابھی عوام پریڈ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں آہی رہے تھے کہ پریڈ شروع ہونے سے چند لمحے قبل ہی عبداللہ زیرو لائن پر پہنچ گیا، بارڈر پر موجود پاکستانی سنتری نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے چھلانگ لگا کر بھارتی حدود میں قدم رکھ دیا جس پر بی ایس ایف نے اسے فوراً اپنی حراست میں لیا۔پنجاب رینجرز نے نوجوان کی واپسی کا مطالبہ کیا تاہم بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نوجوان کی واپسی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے عبداللہ کو پوچھ گچھ اور تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

متعلقہ عنوان :