اسلام آباد ،ْ کسان اتحادکی کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ڈی چوک میں ریلی ،ْ پولیس کی شیلنگ ،ْ مظاہرین کاجوابی پتھرائو ،ْمتعد دزخمی

مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں وقفے وقفے سے جاری رہیں ،ْ کئی رہنما گرفتار ،ْ اپوزیشن لیڈر کا اظہار یکجہتی کسان اتحاد کے مظاہرے کی وجہ سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی ،ْ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 26 مئی 2017 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کسان اتحاد کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ڈی چوک میں ریلی نکالی گئی مظاہرین کی جانب سے پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے کی کوشش کے دور ان پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا ،ْ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر جوابی پتھرائو کیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ،ْ پولیس نے کئی افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ کسان اتحاد کے مظاہرے کی وجہ سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے احتجاج پر پابندی عائد ہے اور پولیس نے ڈی چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر رکھا تھا تاہم مظاہرے میں شامل کسان دیگر راستوں کو اختیار کرکے ڈی چوک پہنچے ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی کوشش کے دوران راستے میں موجود رکاوٹین عبور کیں جس پر پولیس حکام نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال کا فیصلہ کیااس دور ان مظاہرین کی جانب سے پولیس لاٹھی پتھرائو کیا گیا پولیس کی شیلنگ جوابی پتھرائو کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔

پاکستان کسان اتحاد کے مظاہرے میں شریک قائدین نے کہاکہ مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد سیل کر دیں گے۔کسان رہنمائوں نے کہاکہ بار دانے کے معاملے پر ہمیں پٹواریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جنہیں کاشتکاری کے بارے میں کچھ علم نہیں وہ کسانوں کیلئے پالیسیاں بنارہے ہیں، بجٹ میں کسانوں کیلئے تجاویزتو پیش کردی جاتی ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا ،ْ ہم محنت کرکے فصلیں تیار کرتے ہیں تاہم اس کا کوئی منافع نہیں ملتا ،ْحکمران ہمیں مارنا چاہتے ہیں تو سڑکوں پر ماردیں تاہم کسان دشمن بجٹ ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔

کسان اتحاد کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام اقسام کی کھادوں کی ان پٹ اور آؤٹ پٹ سے جی ایس ٹی ختم ، زرعی بجلی کا دن رات کیلئے بجلی کا ٹیرف چار روپے فی یونٹ مقرر، زرعی بجلی کے بقایاجات معاف اور زرعی مشینری سے تمام ٹیکس ختم کئے جائیں ،ْایک موقع پر کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خورشید شاہ مظاہرے میں شریک ہوئے تاہم وہ اپنی حمایت کی یقین دہانی کے بعد واپس چلے گئے۔دوسری جانب کسان اتحاد کے مظاہرے کی وجہ سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی ہے ،ْمیٹرو بس سروس کو صدر سے بند کر دیا گیا ،ْ بسوں کو اسٹیشنز پر ہی روک لیا گیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔