ٹرمپ نے پاکستان کے لئے کولیشن فنڈ کی رقم80کروڑ ڈالر مختص کردی

ْ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو امریکہ تسلیم کرتا ہے،ترجمان محکمہ دفاع

جمعہ 26 مئی 2017 12:56

ٹرمپ نے پاکستان کے لئے کولیشن فنڈ کی رقم80کروڑ ڈالر مختص کردی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بجٹ میں پاکستان کیلئے آٹھ سو ملین ڈالر کی امداد مختص کردی ہے۔ یہ امداد پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ملے گی۔

(جاری ہے)

امریکی ٹی وی کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کولیشن سپورٹ فنڈز کے تحت پاکستان کو اگلے مالی سال کے لئے 800 ملین ڈالر دینے کی تجویز دی ہے۔ محکمہ دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو امریکہ تسلیم کرتا ہے۔ افغانستان میں اتحادی فورسز کو میٹریل کی فراہمی کے لئے پاکستان کی ٹرانزٹ حمایت بھی قابل تعریف ہے۔ پاکستان امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔ جس کے لئے پاکستان کو مذکورہ فنڈز دینے کے لئے کوئی شرط عائد نہیں کی گئی ۔