وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کررہی ہے،حفیظ الرحمن

جمعہ 26 مئی 2017 12:10

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جس کی وجہ سے سالانہ ترقیاتی بجٹ کو 9 ارب سے بڑھا کر 17 ارب کردیا ہے جو ایک تاریخی اقدام ہے، صوبے میں اب کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے التواء کا شکار نہیں ہوگا،گلگت کا ماسٹر پلان کے مطابق تعمیر و ترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کا آغاز کیا گیا ہے، شہر کی داخلی شاہراہوں، پارکس، چوراہوں اور سیاحتی مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے ماہرین کی خدمات لی جارہی ہیں،تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور منصوبوں کے معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے سیاحتی مقامات اور پارکس کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کے بارے میں دیئے جانے والے بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے جس کو برقرار رکھنے میں عوام کا تعاون درکار ہے ۔

حکومت نے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نجی ادارے کے تعاون سے کیمپنگ پوائنٹس کے تعمیر کیلئے منصوبے کا آغاز کیا ہے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئے پارکس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے میں باغبانی کا الگ ونگ بنائے جو صوبے کی خوبصورتی کیلئے اقدامات اٹھائے ۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے ،گلگت میںنیا جدید پولو کمپلیکس تعمیر کیا جائے گاجس کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ۔