کشمیری عوام کی رائے جاننے کیلئے آئے ہیں، قلم ہمارا ہتھیار ہے، کشمیر کی زمینی صورتحال سے بھارت کے عوام کو آگاہ کریں گے، مانی شنکر آئیر

سید علی گیلانی کشمیری طلبہ کو احتجاجی مظاہروں سے روکیں، گورنر مقبوضہ کشمیر کا مانی شنکر کے ذریعے حریت چیئرمین کو پیغام،طلبہ کو بھارتی فورسز کا ظلم و ستم سڑکوں پر لایا ہے، سید علی گیلانی کا جواب

جمعہ 26 مئی 2017 11:48

سرینگر ۔ 26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) بھارت کے سابق وزیر اور کانگرس کے سینئر لیڈر مانی شنکر ائیر نے کہاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرکی زمینی صورتحال کے بارے میں بھارت کے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اپنے قلم کا استعمال کریںگے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منی شنکر ائیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اٴْن کی سربراہی میں چھ رکنی وفد سرکاری دورے پر کشمیر نہیں آیا ہے بلکہ وہ یہاں کشمیری عوام کی رائے جاننے کیلئے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٴْن کے پاس واحد ہتھیار ’قلم‘ ہے اور وہ بھارت واپس جاکر اپنے دورے کی تفصیلات کو دستاویزی شکل دیں گے ۔انہوںنے صحافیوں کو سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیرمیں سب کی رائے جاننے کیلئے آئے ہیں اور انہوںنے اس سلسلے میں حریت قائدین سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، شبیر احمد شاہ اور دیگر سے ملاقاتیں کیں اور ان کا نکتہ نظر جاننے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وہ سرکاری طورپر کشمیر کا دورہ نہیں کر رہے ہیں اور ان کے پاس واحد ہتھیار قلم ہے جسے وہ واپس جاکر کشمیریوں کے حق میں استعمال کریں گے ۔ مانی شنکر نے سید علی گیلانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے گورنر این این وہرا کا ایک پیغام بھی انکے لیے لائے ہیں جو یہ ہے کہ آپ طلبا ء سے مظاہرے ختم کرنے اور اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کرنے کی اپیل کریں۔

ذرائع کے مطابق حریت چیئرمین نے اس کے جواب میں کہا کہ کشمیری طلباء وطالبات کو بھارتی فورسز کا ظلم وستم سڑکوں پر لے آیا ہے کیوںکہ فورسز اہلکاروں نے سکولوں ، کالجوں اوریونیورسٹیوں پر دھاوا بول کر اور طلبا کو تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں خود مشتعل کیا۔ سید علی گیلانی نے اس موقع پر پلوامہ ڈگری کالج کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بھارتی پولیس نے اپریل میں پچاس سے زائد طلباء کو زخمی کر دیا۔

انہوںنے کہا کہ طلباء کو بلا وجہ مارا پیٹا گیا اور فورسز اہلکاروں نے بعد میں خود اسکی ویڈیوز سماجی رابطوں کی سائٹوں پر اپ لوڈ کیں جس نے طلباء کو مزید مشتعل کیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ طلباء اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کریں لیکن بھارتی فورسز کی جابرانہ کاررائیوں کے باعث وہ ایسا نہیں کر پا رہے۔