آئی پی وی مہم کے تحت ضلع سے سو فیصد ہدف حاصل کیا، روٹین امونائیزیشن پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

جمعرات 25 مئی 2017 23:36

سکھر۔ 25مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی پی مہم کے تحت ضلع میں سو فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے جو کہ ایک کامیابی ہے اسی طرح پولیو مہم کے دوران بھی ضلع بھر کے بچوں کو قطرے پلاکر فنگر پارکننگ کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ صحت کے افسران سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع میں روٹین امونائیزیشن پر خصوصی توجہ دی جائے کیوںکہ نومولود بچے کمزوز ہوتے ہیں جس وجہ سے مختلف وائرس ان پر فوری طور پر حملہ آور ہو سکتا ہے اس لیے ضلع کے تمام بچوں کو خسرے سمیت مختلف بیماریوں سے بچائو کے ٹکے لگائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں پولیو مہم کے حوالے سے بہتر کام ہورہا ہے اس کے باجود ہمیں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے کیوںکہ پولیو وائرس ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل ہونے کی وقت رکھتا ہے اس لیے پولیو ٹیموں کو چاہیے کہ وہ ضلع میں آنے والے مسافر و خانہ بدوش بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ضلع بھر میں کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران وہ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی ایچ او سمیت میڈیکل افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام اسپتالوں کو عوام کے لیے سود مند بنایا جائے اس حوالے سے عوام کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیے جبکہ تمام ڈاکٹروں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کو پابند بنایا جائے کہ وہ وقت کی پابندی سے اپنے فرائض سرانجام دیں